اگلا وزیراعظم پیپلز پارٹی کا بنا کر دکھاؤں گا آصف زرداری

پیپلزپارٹی پر میلی نظر رکھنے والوں سے پہلے ڈرے نہ اب ڈریں گے، شریک چیرمین پیپلزپارٹی


ویب ڈیسک April 04, 2017
عوام سے وعدہ ہے آئندہ وفاق میں حکومت بنا کر دکھاؤں گا، شریک چیرمین پیپلزپارٹی۔ فوٹو: اے پی پی

پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی پر میلی نظر رکھنے والوں سے پہلے ڈرے نہ اب ڈریں گے جب کہ عوام سے وعدہ ہے کہ آئندہ وفاق میں حکومت بنا کر دکھاؤں گا۔



گڑھی خدا بخش میں پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کی 38 ویں برسی کی تقریب کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری نے کہا کہ شہید بھٹو نے پاکستان کو نیوکلیئر پروگرام دیا لیکن یہ لوگ کہتے ہیں کہ پاکستان کو نیوکلیئرطاقت نواز شریف نے بنایا، ذوالفقار بھٹو کے ساتھ بہت زیادتیاں ہوئیں ہیں جب کہ بی بی صاحبہ نے کبھی اپنی بات نہیں کی ہمیشہ پاکستان کے بارے میں سوچا۔ انہوں نے کہا کہ صرف 15 دن پنجاب میں بیٹھا تو کاغذی شیروں اور بلے والوں کا حال خراب ہوگیا، پنجاب کے ہر ضلع میں جاؤں گا، دیکھنا سارے پیٹو بھاگیں گے۔



سابق صدر نے کہا کہ پیپلزپارٹی پر میلی نظر رکھنے والوں سے پہلے ڈرے نہ اب ڈریں گے، ہم اس سال الیکشن کے لیے تیار ہیں اور ان کا مقابلہ کریں گے، عوام سے وعدہ ہے کہ اگلی حکومت ہم بنا کردکھائیں گے، اس بار اپوزیشن میں رہ کر تھوڑے بندوں سے چیرمین سینیٹ بنالیا تو اگلی بار وزیراعظم بھی بنا کر دکھاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ پاناما کیس کے فیصلے کا آنے کا انتظار کررہے ہیں، ہم نہیں سمجھتے پاکستان میں کبھی بھی انصاف ہوا ہے، ہمارے ساتھ ہر دور میں ظلم وزیادتی ہوتی رہی ہیں لیکن آج دیکھنا ہے کہ ان کے ساتھ کیا ہوتا ہے اور کیا نہیں ہوتا ہے۔



آصف زرداری کا کہنا تھا کہ آج صرف بجلی دُگنی مہنگی نہیں ہوئی بلکہ پانی کی بھی قلت ہوگئی ہے، عوام کے پاس بجلی اور پانی نہیں ہے اور یہ لوگ بہتر طرز حکمرانی کے دعوے کررہے ہیں۔



دوسری جانب جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ آج کے دن پاکستان کے کسانوں، مزدوروں، طالب علموں کے رہنما کو پھانسی دی گئی مگر افسوس آج تک نہ بھٹو اور نہ بھٹو کے وارثوں کو انصاف مل سکا، بھٹو کا جرم یہ تھا کہ انہوں نے ملک کو آزاد خارجہ پالیسی دی، پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے معاملے پر ملک جہاں دو سال پہلے کھڑا اتھا آج بھی وہیں کھڑا ہے، نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہ ہونے کی وجہ سے 2 سال بعد بھی آج فوجی عدالتوں کی ضرورت پڑی، ان حکمرانوں میں وہ اہلیت اور صلاحیت نہیں جو صحیح وقت پر درست فیصلہ کرسکیں۔



بلاول بھٹو نے کہا کہ ان حکمرانوں سے خیر کی امید نہ رکھیں کیوں کہ ان کو قومی سلامتی کی نہیں بلکہ پاناما کی پریشانی ہے، یہ ملک کے لیے نہیں صرف کرپشن سے کمائے گئے پیسوں کو بچانے کا سوچتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی وفاق کی جماعت ہے، اسے کمزور کرنے کا کھیل نہیں کھیلنے دیں گے، لوگ آپ کی کمیشن اور دھونس دھمکی کی سیاست سے تنگ آچکے ہیں، بہت ہوچکا میاں صاحب اب آپ کو جانا ہوگا، عوام آپ کو اس ملک سے نکال کر ہی دم لے گی۔ چیرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ میاں صاحبان اور مسلم لیگ (ن) پورے ملک میں ترقی کا ڈھول پیٹ رہے ہیں اگر واقعی ترقی ہورہی ہے تو بیرونی قرضے کیوں بڑھتے جارہے ہے، آئی ایم ایف سے نجات کیوں نہیں ملتی، چھوٹے صوبوں میں احساس محرومی کیوں بڑھ رہی ہے، عوام آپ سے نجات کیوں پانا چاہتے ہیں، ملیں اور فیکٹریاں کیوں بند ہورہی ہیں، بجلی کے بعد گیس کی لوڈشیڈنگ کیوں بڑھتی جارہی ہے، منافع بخش ادارے کیوں بیچے جارہے ہیں اور یہ کیسی ترقی ہے جو اشتہارات تک محدود ہے، میاں صاحب سن لیں، آپ اپنے آپ کو بے وقوف بناسکتے ہیں مگر 20 کروڑ عوام کو نہیں۔



چیرمین پیپلزپارٹی کا مزید کہنا تھا کہ پچھلے دنوں میاں صاحب اپنے لشکرکے ساتھ سندھ فتح کرنے آئے لیکن سندھ کے لوگ آپ کو اچھی طرح جانتے ہیں، وہ آپ کے جھوٹے وعدوں کو پہچانتے ہیں، 2 سال پہلے آپ نے مٹھی کے لیے 2 ارب روپے کا اعلان کیا تھا مگر جب کچھ دینے کی باری آتی ہے تو صرف جھوٹے وعدے کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن کے لیے بالکل تیار ہیں اور پارٹی نے منشور کی تیاری شروع کردی ہے جو بھٹو کے مشن کے مطابق مکمل عوامی اور فلاحی منشور ہوگا جس میں کسان کو فصل کی قیمت اور مزدور کو صحیح قیمت ملی گے اور تعلیم و روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |