بہت ہوچکا میاں صاحب اب آپ کو جانا ہوگا بلاول بھٹو زرداری

پیپلزپارٹی کو کمزور کرنے کا کھیل نہیں کھیلنے دیں گے، چیرمین پاکستان پیپلزپارٹی


ویب ڈیسک April 04, 2017
پیپلزپارٹی کو کمزور کرنے کا کھیل نہیں کھیلنے دیں گے، چیرمین پاکستان پیپلزپارٹی، فوٹو؛ فائل

ISLAMABAD: چیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے مسلم لیگ (ن) پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگ آپ کی کمیشن اور دھونس دھمکی کی سیاست سے تنگ آچکے ہیں اب بہت ہوچکا میاں صاحب آپ کو جانا ہوگا۔

گڑھی خدا بخش میں پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کی 38 ویں برسی کی تقریب کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ آج کے دن پاکستان کے کسانوں، مزدوروں، طالب علموں کے رہنما کو پھانسی دی گئی مگر افسوس آج تک نہ بھٹو اور نہ بھٹو کے وارثوں کو انصاف مل سکا، بھٹو کا جرم یہ تھا کہ انہوں نے ملک کو آزاد خارجہ پالیسی دی، پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے معاملے پر ملک جہاں دو سال پہلے کھڑا اتھا آج بھی وہیں کھڑا ہے، نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہ ہونے کی وجہ سے 2 سال بعد بھی آج فوجی عدالتوں کی ضرورت پڑی، ان حکمرانوں میں وہ اہلیت اور صلاحیت نہیں جو صحیح وقت پر درست فیصلہ کرسکیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ان حکمرانوں سے خیر کی امید نہ رکھیں کیوں کہ ان کو قومی سلامتی کی نہیں بلکہ پاناما کی پریشانی ہے، یہ ملک کے لیے نہیں صرف کرپشن سے کمائے گئے پیسوں کو بچانے کا سوچتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی وفاق کی جماعت ہے، اسے کمزور کرنے کا کھیل نہیں کھیلنے دیں گے، لوگ آپ کی کمیشن اور دھونس دھمکی کی سیاست سے تنگ آچکے ہیں، بہت ہوچکا میاں صاحب اب آپ کو جانا ہوگا، عوام آپ کو اس ملک سے نکال کر ہی دم لے گی۔ چیرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ میاں صاحبان اور مسلم لیگ (ن) پورے ملک میں ترقی کا ڈھول پیٹ رہے ہیں اگر واقعی ترقی ہورہی ہے تو بیرونی قرضے کیوں بڑھتے جارہے ہے، آئی ایم ایف سے نجات کیوں نہیں ملتی، چھوٹے صوبوں میں احساس محرومی کیوں بڑھ رہی ہے، عوام آپ سے نجات کیوں پانا چاہتے ہیں، ملیں اور فیکٹریاں کیوں بند ہورہی ہیں، بجلی کے بعد گیس کی لوڈشیڈنگ کیوں بڑھتی جارہی ہے، منافع بخش ادارے کیوں بیچے جارہے ہیں اور یہ کیسی ترقی ہے جو اشتہارات تک محدود ہے، میاں صاحب سن لیں، آپ اپنے آپ کو بے وقوف بناسکتے ہیں مگر 20 کروڑ عوام کو نہیں۔

چیرمین پیپلزپارٹی کا مزید کہنا تھا کہ پچھلے دنوں میاں صاحب اپنے لشکرکے ساتھ سندھ فتح کرنے آئے لیکن سندھ کے لوگ آپ کو اچھی طرح جانتے ہیں، وہ آپ کے جھوٹے وعدوں کو پہچانتے ہیں، 2 سال پہلے آپ نے مٹھی کے لیے 2 ارب روپے کا اعلان کیا تھا مگر جب کچھ دینے کی باری آتی ہے تو صرف جھوٹے وعدے کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن کے لیے بالکل تیار ہیں اور پارٹی نے منشور کی تیاری شروع کردی ہے جو بھٹو کے مشن کے مطابق مکمل عوامی اور فلاحی منشور ہوگا جس میں کسان کو فصل کی قیمت اور مزدور کو صحیح قیمت ملی گے اور تعلیم و روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |