قائد اعظم ٹرافی کرکٹ پشاور کیخلاف علی اسد نے ڈبل سنچری جڑ دی

کوئٹہ کے 8 وکٹ پر483 رنز، حیدر آباد کیخلاف کراچی وائٹس کے محتشم علی اور فواد عالم نے تھری فیگر اننگز سجائیں۔


Sports Reporter January 16, 2013
سیالکو ٹ اور راولپنڈی فتح کے قریب فوٹو فائل

قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے چوتھے رائونڈ میں پشاورکیخلاف کوئٹہ کے علی اسد نے ڈبل سنچری جڑدی،حیدر آباد کیخلاف کراچی وائٹس کے محتشم علی اور فواد عالم نے تھری فیگر اننگز سجائیں۔

ایبٹ آباد کے مقابل عمران بٹ اور فہدالحق کی سنچریوں نے لاہورشالیمار کی پوزیشن مستحکم بنا دی۔ سیالکو ٹ اور راولپنڈی کی ٹیمیں فتح کے قریب پہنچ گئیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ارباب نیاز اسٹیڈیم پشاور میں کوئٹہ کے علی اسد نے ناقابل شکست 210 رنز بنا دیے، ٹیم نے8 وکٹ پر483 رنز اسکور کرنے کے بعد اننگز ڈیکلیئرڈ کر دی، تیمورعلی نے 120 اور جلات خان نے49 رنز بنائے،پشاور نے70 رنز پر4 وکٹیں گنوا دیں۔

نیاز اسٹیڈیم حیدرآباد میں کراچی وائٹس نے میزبان کے مقابل اسکور 7 وکٹ پر467 تک پہنچا دیا،محتشم علی121، فوادعالم142 اور محمد سمیع ناقابل شکست65 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، سعید بن ناصر نے بھی ففٹی اسکور کی، میرعلی نے3 وکٹیں لیں۔گوہاٹی اسٹیڈیم صوابی میں لاہور شالیمار نے ایبٹ آباد کیخلاف پوزیشن مستحکم بنا لی،گذشتہ روز29 پر 6 وکٹیں گنوانے والی ٹیم ضیا الحق کے کاری وارکے سامنے بے بس ہوکر 104 پر ڈھیر ہوگئی، نوجوان فاسٹ بولر نے 24 رنز کے عوض 4 وکٹیں لیں۔ لاہور شالیمار نے پہلی باری میں 199 رنز بنائے تھے ، دوسری میں صرف ایک وکٹ پر 251 رنز اسکور کرتے ہوئے مجموعی برتری 346 رنز تک پہنچا دی، عمران بٹ نے 123رنز اسکور کیے، فہد الحق ناقابل شکست114 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔



ایل سی سی اے گرائونڈ لاہور میں میزبان راوی ٹیم نے ملتان کیخلاف248 رنز بنائے، عرفان حیدر81رنز کے بعد اخلاق بٹ نے43 اور جہانگیر مرزا نے34 رنز اسکورکیے، راحت علی 5 اور ذوالفقار بابر 3 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے، ملتان نے دوسری اننگز میں 4 وکٹ پر 180 رنز کے ساتھ مجموعی برتری241 تک پہنچا دی۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں اسلام آبادکی ٹیم دوسری اننگز میں 217 رنز پر آئوٹ ہوگئی، سیالکوٹ کو فتح کیلیے199 کا ہدف ملا، تیسرے روز تک اس نے1 وکٹ پر114 رنز بنالیے، بدھ کو آخری دن مزید85 رنز کی ضرورت ہوگی۔

مجید جہانگیر 62 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔آزاد کشمیر کے میر پور اسٹیڈیم میںراولپنڈی نے فیصل آباد کو دوسری اننگز میں 130 پر ڈھیر کردیا، صدف حسین ن 4 ،ناصر ملک نے3 اور حسیب اعظم نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں،ٹیم نے پہلی اننگز میں 226 رنز بنائے تھے، راولپنڈی نے پہلی اننگز میں 132 رنز بنائے، دوسری باری میں 5 وکٹ پر164 رنز اسکور کر لیے،اسے فتح کیلیے61 رنز درکاراور5 وکٹیں باقی ہیں، عمر وحید 69 رنز کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں، وقاص منظور نے 62 رنز کے عوض پویلین لوٹنے والے تمام بیٹسمینوں کا شکار کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں