اسلام آباد اور راولپنڈی میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھاربارش

اسلام آباد میں کئی مقامات پر درخت اکھڑ گئے اور موسم کی خرابی کے باعث فلائٹ آپریشن بھی متاثر


ویب ڈیسک April 05, 2017
اسلام آباد میں کئی مقامات پر درخت اکھڑ گئے اور موسم کی خرابی کے باعث فلائٹ آپریشن بھی متاثر۔ فوٹو: آن لائن

جڑواں شہروں سمیت مری ، آزاد کشمیر اور ملحقہ علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جب کہ تیزہواؤں اور بارش سے جڑواں شہروں میں کئی درخت اور سائن بورڈز اکھڑ گئے اور میٹرو ٹریک بھی پانی سے بھر گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جڑواں شہروں سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں ہواؤں کے دوش پر اڑتے گہرے بادل برس پڑے اور ہر طرف جل تھل کردیا، راولپنڈی، اسلام آباد اور مضافاتی علاقوں میں دن بھروقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، راولپنڈی کے نشیبی علاقے آریہ محلہ، صادق آباد، ندیم کالونی میں پانی جمع جبکہ میٹرو ٹریک بھی پانی سے بھر گیا۔

تیز ہواؤں سے مری روڈ، وارث خان اسٹاپ، سکستھ روڈ کے قریب 2 بڑے بل بورڈز زمین پرآ گرے، اسلام آباد میں کئی مقامات پر درخت اکھڑ گئے، موسم کی خرابی کے باعث فلائٹ آپریشن بھی معطل رہا۔ ادھرملکہ کوہسار مری میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش سے سردی کی شدت دوبارہ بڑھ گئی اور لوگوں نے گرم لباس پھر نکال لیے، مری اور گلیات میں جمعہ تک بارش اورژالہ باری کی پیش گوئی کی گئی ہے جب کہ پنجاب کے بالائی علاقوں گوجرانوالا، کامونکی سمیت گردونواح میں بھی تیز بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔

پشاورشہر اورآس پاس کے علاقوں میں ہلکی بارش اور ٹھنڈی ہواؤں سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ کالام، مالم جبہ، بالاکوٹ، چترال، دیر اور سوات میں بھی بارش سے دوبارہ سردی لوٹ آئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران جڑواں شہروں سمیت خیبرپختونخوا، فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند ایک مقامات پر ژالہ باری متوقع ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں