ایم کیو ایم پاکستان نے سندھ حکومت کے خلاف وائٹ پیپر جاری کردیا

گزشتہ 9 سال میں سندھ کے شہری علاقوں میں احساس محرومی آسمان تک پہنچ گیا ہے، فاروق ستار


ویب ڈیسک April 05, 2017
گزشتہ 9 سال میں سندھ کے شہری علاقوں میں احساس محرومی آسمان تک پہنچ گیا ہے، فاروق ستار، فوٹو؛ آن لائن

ایم کیو ایم پاکستان نے سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت کے خلاف وائٹ پیپر جاری کردیا ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے شہری علاقوں کا استحصال کیا، 70 کی دہائی میں پیپلزپارٹی نے کوٹا سسٹم عائد کرکے سندھ کو دو حصوں میں تقسیم کیا جب کہ گزشتہ 9 سال میں سندھ کے شہری علاقوں میں احساس محرومی آسمان تک پہنچ گیا ہے اور شہری سندھ کے خلاف نفرت اور تعصب کا اظہار کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں جو ہورہا ہے، یہ سب وڈیرے کررہے ہیں اس میں عام سندھی کا کوئی قصور نہیں، 9 سال کے دوران وفاق نے سندھ کو آکٹرائے کی مد میں 30 ارب دیے جس میں سے بلدیہ کو کچھ بھی نہیں دیا گیا۔

فاروق ستار نے کہا کہ صوبوں سے اضلاع میں فنڈ کی تقسیم غیر منصفانہ طور پر کی گئی جب کہ حیدرآباد کے ساتھ بھی بہت نا انصافی ہوئی، وفاق سے ملنے والے وسائل میں سے کراچی کو 5 فیصد بھی نہیں دیا گیا، شہری علاقوں سے سب سے زیادہ ٹیکس لیا جاتا ہے لیکن جاگیرداروں اور وڈیروں سے کوئی ٹیکس نہیں وصول کرتا جب کہ شہری علاقوں میں پانی کے مسائل نے عوام کو پریشان کر رکھا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔