مقبوضہ کشمیرمیں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کِٹ پہننے والے نوجوان کرکٹرزگرفتار

نوجوانوں کو حراست میں لئے جانے کے بعد کشمیریوں کی بڑی تعداد تھانے کے باہر جمع ہوگئی اور شدید نعرے بازی کی

 نوجوان میچ شروع ہونے سے قبل پاکستان کے قومی ترانے کے احترام میں باادب کھڑے بھی ہوئے۔ فوٹو:فائل

مقبوضہ کشمیر کے نوجوانوں کی پاکستان سے والہانہ محبت قابض بھارت کو ایک آنکھ نہ بھائی اور پولیس نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی جرسیاں پہننے والے نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔

چند روز قبل سوشل میڈیا پر مقبوضہ کشمیر کے نوجوان کرکٹرز کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں وہ میچ شروع ہونے سے قبل سینے پر ہاتھ رکھ کر پاکستان کے قومی ترانے کے احترام میں کھڑے ہوئے، یہی نہیں نوجوانوں نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی جرسیاں بھی زیب تن کر رکھی تھیں جس نے قابض بھارتی حکومت کو واضح پیغام دیا کہ وہ وادی پر بھارت کا قبضہ کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔

اس خبرکو بھی پڑھیں:مقبوضہ کشمیرکے کرکٹرز کا پاکستان سے اظہار محبت کا انوکھا انداز


مقبوضہ وادی کی پولیس نے گرین شرٹس پہننے والے تمام نوجوانوں کو گرفتار کرتے ہوئے سینٹرل کشمیر پولیس اسٹیشن منتقل کردیا جب کہ ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس غلام حسن بٹ کا کہنا ہے کہ نوجوانوں سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ نوجوانوں کو حراست میں لئے جانے کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد تھانے کے باہر جمع ہوگئی اور انہوں نے بے گناہ افراد کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے شدید نعرے بازی بھی کی۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا کے مطابق نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کے اہلکار جمعرات کو نئی دلی سے گندربالا پہنچیں گے جہاں حراست میں لئے گئے نوجوانوں سے پوچھ گچھ اور کرکٹ میچ کی تحقیقات کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے گندربالا میں 2 اپریل کو کرکٹ میچ کھیلا گیا جس میں ایک ٹیم نے سفید وردی جب کہ دوسری ٹیم نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کٹ پہن رکھی تھی۔

Load Next Story