بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر ایک بار پھر فائر بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے جوان نائیک اشرف شہید ہوگئے۔
جنوری میں بھارتی فوج کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کے مسلسل واقعات نے لائن آف کنٹرول پر کشیدگی میں اضافہ کر دیا ہے، آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے ہاٹ اسرنگ اور جند روٹ سیکٹرز میں بلا اشتعال فائرنگ شروع کر دی جس سے کنڈی پوسٹ پر تعینات نائیک اشرف شہید ہو گئے، آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے ڈی جی ملٹری آپریشنز بھارتی ہم منصب سے ہاٹ لائن پررابطہ کرکے واقعے پر شدیداحتجاج کریں گے۔
دوسری طرف بھارتی فوج کی بربریت پر بھارتی آرمی چیف بکرم سنگھ تو پوری طرح سے واقعے سے ہی مکر گئے، ان کا کہنا ہے کہ بھارت نے تو لائن آف کنڑول کی خلاف ورزی کی ہی نہیں، پاکستانی فوج کا جوان کراس فائر میں ہلاک ہوا اوراس پورے واقعے میں پاکستان جھوٹ بول رہا ہے۔