پاک فوج کے ریٹائرڈ لیفٹیننٹ کرنل محمد حبیب نیپال میں لاپتہ

لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ محمد حبیب کو بھارت سے ہوسٹ کی گئی ایک ویب سائیٹ کے ذریعے بلایا گیا جوکہ اب بند ہوچکی ہے، ذرائع


ویب ڈیسک April 08, 2017
لیفٹننٹ کرنل (ر) حبیب بھارتی سرحد سے صرف پانچ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع نیپال کے علاقے لمبینی سے لاپتہ ہوئے فوٹو: فائل

پاک فوج کے ریٹائرڈ لیفٹیننٹ کرنل حبیب ظاہر نیپال میں لاپتہ ہوگئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ریٹائرڈ لیفٹیننٹ کرنل محمد حبیب کوایک ویب سائیٹ کے ذریعے پرکشش تنخواہ پر ملازمت کی پیشکش کی گئی اور انہیں بھارت کی سرحد سے ملحقہ نیپال کے شہر لمبینی آنے کو کہا گیا، جس کے لیے انہیں عمان ایئرلائن کی بزنس کلاس کی ٹکٹ بھجوائی گئی۔ محمد حبیب 6 اپریل کو کٹھمنڈو پہنچے اور اسی روز لمبینی کے لئے روانہ ہوگئے، جہاں سے انہوں نے اہل خانہ کو اپنی خیریت کا پیغام بھیجا مگر اس کے بعد ان سے کوئی رابطہ نہ ہوسکا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حبیب ظاہر نے کچھ عرصہ قبل سوشل میڈیا اور اقوام متحدہ کی ویب سائٹ پر سی وی اپ لوڈ کیا تھا، اسی بنیاد ہر ایک شخص نے ان سے فون پر رابطہ کیا تھا ۔ اس شخص نے اپنا نام تھامس بتایا، کرنل (ر) حبیب سے دوسرا رابطہ بھارت سے ہوسٹ ہونے والی ایک ویب سائٹ کے ذریعے کیا گیا جو اب مکمل طور پر بند ہے۔

دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ کی لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ محمدحبیب کی نیپال میں گمشدگی کی تصدیق کردی ہے۔ اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ کرنل (ر)حبیب ظاہر کی گمشدگی کی اطلاع ان کے اہل خانہ نے دی۔ کھٹمنڈو میں پاکستانی سفارتخانہ نیپالی حکومت سے جب کہ وزارت خارجہ کرنل (ر) حبیب کی فیملی سے رابطے میں ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں