بھارتی اداکار کمل ہاسن کے گھرآگ بھڑک اٹھی

کمل ہاسن نے ملازمین کی جانب سے بروقت آگ کی اطلاع دینے پر گھر سے نکل کر جان بچائی


ویب ڈیسک April 08, 2017
کمل ہاسن نے ملازمین کی جانب سے بروقت آگ کی اطلاع دینے پر گھر سے نکل کر جان بچائی، فوٹو؛ فائل

بھارتی اداکار کمل ہاسن کے گھرکو پڑوس میں لگنے والی آگ نے لپیٹ میں لے لیا جب کہ اداکارنے ملازمین کی بر وقت اطلاع پر گھر سے بھاگ کر جان بچائی۔

بالی ووڈ اداکار کمل ہاسن کے چنئی میں واقع گھر کے پڑوس میں رات گئے شارٹ سرکٹ سے آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے اداکار کے گھر کو بھی لپیٹ میں لے لیا جب کہ واقعے کے وقت کمل ہاسن گھر پر ہی موجود تھے اور ملازمین کی جانب سے بروقت اطلاع پر انہوں نے گھر سے باہر نکل کر جان بچائی تاہم دھواں زیادہ ہونے سے ان کے پھیپھڑوں کو نقصان پہنچا ہے۔

فائر بریگیڈ عملے نے بروقت کارروائی کرکے آگ پر قابو پالیا جس کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ فائر بریگیڈ حکام نے بھی کمل ہاسن کے پڑوس میں آگ لگنے کی تصدیق کی ہے جس سے اداکار کا گھر بھی متاثر ہوا۔



دوسری جانب کمل ہاسن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی خیریت سے مداحوں کو آگاہ کیا۔ ان کا ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ میرے ملازمین کا شکریہ جن کی وجہ سے میری جان بچ گئی لیکن آگ سے پھیپھڑوں میں دھواں بھر گیا تھا جس پر میں تیسرے فلور سے نیچے آیا اور اب میں مکمل طور پر محفوظ ہوں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔