بھارتی نیوز کاسٹر کو شوہر کی موت کی خبر پڑھنا پڑگئی

حادثے کی خبر پڑھتے ہوئے خاتون نیوز کاسٹر کو یقین ہوگیا تھا کہ جس گاڑی کو حادثہ پیش آیا اس میں ان کے شوہربھی سوار تھے۔


ویب ڈیسک April 08, 2017
حادثے کی خبر پڑھتے ہوئے خاتون نیوز کاسٹر کو یقین ہوگیا تھا کہ جس گاڑی کو حادثہ پیش آیا اس میں ان کے شوہربھی سوار تھے۔ فوٹو: بشکریہ ہندوستان ٹائمز

نیوز کاسٹر کو روزانہ کی بنیاد پر کبھی خوشی اور کبھی غم کی خبریں پڑھنا پڑتی ہیں لیکن بھارتی خاتون نیوز کاسٹر پر اس وقت ایک خبر بجلی بن کر ٹوٹی جب انہیں اپنے شوہر کی موت کی خبر پڑھنا پڑ گئی۔

بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے مقامی نیوز چینل کی خاتون نیوز کاسٹر سپریت کور گزشتہ 9 سال سے خبریں پڑھنے کا کام انجام دے رہی ہیں لیکن ان پر ایک خبر بجلی بن کر ٹوٹی جب انہیں اپنے شوہر کی موت کی خبر پڑھنا پڑ گئی لیکن خاتون نیوز کاسٹراپنے ہوش و حواس پر قابو رکھتے ہوئے 30 منٹ تک خبریں پڑھتی رہیں اور ناظرین کو کہیں شبہ تک نہ ہونے دیا کہ انہوں نے اپنے شوہر کو گنوا دیا ہے۔

خبریں پڑھنے کے دوران پروڈیوسر نے سپریت کور کو بتایا کہ انہیں ایک حادثے کی خبر پڑھنی ہے جو کہ بریکنگ نیوز ہے اور خبر کی تفصیل دینے کے لئے ٹیلی فون کال پر رپورٹر بھی موجود ہیں جب سپریت نے خبر پڑھنا شروع کی تو انہیں خیال آیا کہ جس گاڑی کے حادثے کی وہ خبر دے رہی ہیں اس میں ان کے شوہر بھی سوار تھے تاہم انہوں نے رپورٹر سے سوال کیا کہ مرنے والوں کے نام بتا سکتے ہیں تاہم رپورٹر فوری طور پر نام تو نہ بتا سکا البتہ اس نے تصدیق کی کہ گاڑی میں سوار 3 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

سپریت کو خبر پڑھنے کے دوران یقین ہوگیا تھا کہ ان کے شوہر اب اس دنیا میں نہیں رہے تاہم انہوں نے اپنے جذبات پر قابو رکھتے ہوئے مزید 20 منٹ تک خبریں پڑھیں اور جب بلیٹن مکمل ہوا تو انہوں نے فوری طور پر اسٹوڈیو سے باہر آنے کے بعد اپنے اہلخانہ کو فون کیا جہاں سے انہیں اطلاع ملی کہ ان کے شوہر حادثے میں ہلاک ہوچکے ہیں۔

دوسری جانب صحافت کے پیشے سے وابستہ افراد سپریت کو بہادر اور حوصلہ مند خاتون قرار دے رہے ہیں جنہوں نے اپنے شوہر کی موت کی خبر ہونے کے باوجود پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کو مکمل کیا اور کسی بھی لمحے یہ احساس ہونے نہیں دیا کہ وہ اپنے شوہر کو کھو چکی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔