مصباح الحق اور یونس خان کی ریٹائرمنٹ

بہرحال کھلاڑی خواہ کتنا ہی عظیم کیوں نہ ہو، ایک دن اسے کھیل کو خیرباد کہنا پڑتا ہے


Editorial April 09, 2017

ISLAMABAD: پاکستان کے دو نامور کرکٹرز مصباح الحق اور یونس خان نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ دونوں کرکٹرز ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کرکٹ کو پہلے ہی خیرباد کہہ چکے ہیں۔ اب انھوں نے ٹیسٹ کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔ مصباح الحق قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ہیں۔ دونوں کرکٹرز ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنی آخری سیریز کھیلیں گے۔

مصباح الحق پاکستان کے کامیاب ترین کپتانوں میں شمار ہوتے ہیں۔ ان کی کپتانی میں پاکستان نے یادگار فتوحات حاصل کیں۔ بطور بلے باز بھی انھوں نے کئی بار مشکل حالات میں بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کو فتح دلائی۔ یونس خان بھی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان رہے اور ان کی کپتانی میں پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں فتح حاصل کی۔ وہ عالمی شہرت یافتہ بلے باز ہیں۔

پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ میچوں میں انھوں نے سب سے زیادہ رنز اور سنچریاں بنائی ہیں۔ انھوں نے اپنے کیریئر میں 33 سینچریاں اسکور کر رکھی ہیں جب کہ انھیں اپنے دس ہزار رنز مکمل کرنے کے لیے محض 23 رنز درکار ہیں۔ دونوں نامور بلے بازوں کی رخصتی سے ٹیسٹ میچوں میں ہماری ٹیم کی بیٹنگ لائن متاثر ہو گی اور نئے کھلاڑیوں کو دونوں بلے بازوں کے مقام تک پہنچنے کے لیے سخت جدوجہد کرنا ہو گی۔

پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے، بہت سے اچھے بلے باز موجود ہیں۔ انھیں اپنے کھیل پر توجہ دینے کی ضرور ت ہے۔ ایسے بلے بازوں میں اسد شفیق، اظہر علی اور بابر اعظم شامل ہیں۔ اگر یہ بلے باز اپنے اسٹیمنا کو بہتر بنانے کے لیے سخت محنت کریں تو یونس خان اور مصباح الحق کا خلا پر کر سکتے ہیں۔

بہرحال کھلاڑی خواہ کتنا ہی عظیم کیوں نہ ہو، ایک دن اسے کھیل کو خیرباد کہنا پڑتا ہے، زیادہ بہتر یہی ہوتا ہے کہ اچھے وقت میں کھیل کے میدان کو الوداع کہہ دیا جائے۔ مصباح الحق اور یونس خان نے ایسا ہی کیا۔ دونوں نے پاکستان کا نام بلند کرنے کے لیے جو کردار ادا کیا، اسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کا نام فضل محمود، کاردار، مشتاق محمد، ظہیر عباس، عمران خان، جاوید میانداد، وسیم اکرم، وقار یونس، انضمام الحق، محمد یوسف کے ساتھ لیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔