ریکارڈز بک کے کئی صفحات پر یونس خان کا نام درج

ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز اور سنچریاں، ٹی 20 چیمپئن کپتان کا اعزاز ملا


Sports Desk/Sports Reporter April 09, 2017
ٹیسٹ میں پاکستان کے ٹاپ اسکورر بنے، سینئرز کو کئی ریکارڈز سے محروم کردیا۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

ریکارڈز بک کے کئی صفحات پر یونس خان کا نام درج ہے جبکہ ٹوئنٹی 20 کے ورلڈ چیمپئن کپتان ٹیسٹ میں ملک کے ٹاپ اسکورر بنے۔

یونس خان نے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز 13 فروری 2000 کو کراچی میں سری لنکا کیخلاف ون ڈے میچ میں کیا اور 46 رنز بنائے، پہلا ٹیسٹ 26 فروری کو آئی لینڈرز کیخلاف راولپنڈی میں کھیلا اور سنچری بنا کر روشن مستقبل کی نوید سنائی،انھوں نے طویل فارمیٹ کے 115میچز میں 53.06 کی اوسط سے 9977 رنز اسکور کیے، یوں 10 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے کیلیے انھیں صرف 23 رنز درکار ہیں، انھوں نے اپنا سب سے بڑا اسکور 313 رنز2009 میں سری لنکا کیخلاف بنایا۔

اپنے کیریئر میں یونس خان نے پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنزبنانے والے جاوید میانداد کو پیچھے چھوڑا، انضمام الحق کا سب سے زیادہ 25 سنچریوںکا ریکارڈ بھی توڑا، انھوں نے 34تھری فیگر اننگز کھیلی ہیں۔ یونس خان نے نومبر 2015 میں آسٹریلیا کے خلاف یواے ای میں سیریز کے دوران اچانک ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے تک 265 میچز میں 7سنچریوں اور 48 ففٹیز کی مدد سے 7249رنز بنائے تھے۔

یونس خان نے اپنی قیادت میں پاکستان کو 2009 میں ٹی ٹوئنٹی کا ورلڈ چیمپئن بنایا جو 1992 کی ورلڈکپ فتح کے بعد اب تک گرین شرٹس کا دوسرا عالمی اعزاز ہے، میگا ایونٹ کے بعد ہی انھوں نے مختصر فارمیٹ کی کرکٹ سے کنارہ کشی کا اعلان کردیا تھا، انھیں حال ہی میں وزڈن نے سال کے5بہترین کھلاڑیوں میں بھی شامل کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں