ٹریفک حادثات میں 2افراد ہلاک 3افراد نے خودکشی کرلی

ملیر ندی کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے جانسن ہلاک، بن قاسم میں محنت کش زیر تعمیر عمارت سے گرگیا


Staff Reporter January 17, 2013
ڈیفنس کے علاقے کورنگی روڈ پر تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے 26 سالہ محمد عمران ہلاک ہوگیا جس کی لاش جناح اسپتال لائی گئ. فوٹو: فائل

شہر میں خودکشی ، چھت سے گر کر اور ٹریفک حادثات میں6افراد جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے ملیر ندی کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے 40 سالہ شخص ہلاک ہوگیا جس کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال لائی گئی، ڈیوٹی افسراسرار نے بتایا کہ متوفی کی شناخت جانسن ولد اقبال مسیح کے نام ہوئی ہے جو کہ کورنگی نمبر 6 گلشن مارکیٹ کا رہائشی تھا ، متوفی موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ مزدا ٹرک کی ٹکر سے ہلاک ہوگیا ڈرائیور جائے حادثہ پر ٹرک چھوڑ کر فرار ہوگیا۔

پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی ، ڈیفنس کے علاقے کورنگی روڈ پر تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے 26 سالہ محمد عمران ہلاک ہوگیا جس کی لاش جناح اسپتال لائی گئی ، پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کا ذمے دار ڈرائیور موقع سے گاڑی سمیت فرار ہوگیا جبکہ متوفی پنجاب کالونی کا رہائشی اور اس کا آبائی تعلق پنجاب کے علاقے علی پور سے تھا ، پولیس واقعے کی مزید تحقیق کر رہی ہے، شاہ فیصل کے علاقے ہزار چوک کے قریب 40 سالہ ندیم نے گلے میں رسی کا پھندا لگا کر خودکشی کرلی جس کی لاش جناح اسپتال لائی گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی چند روز قبل ایبٹ آباد سے روزگار کے لیے اپنے چچا کے گھر آیا تھا اور کام کاج نہ ملنے پر دلبرداشتہ ہو کر گلے میں پھندا لگا کر خودکشی کرلی۔



سائٹ بی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں حب گودام کے چوکیدار یعقوب نے خود کو کنپٹی پر گولی مار کر خودکشی کرلی جس کی لاش سول اسپتال لائی گئی ، پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی کئی سال سے گودام کا چوکیدار تھا تاہم فوری طور پر خودکشی کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ، سائٹ کے علاقے میٹروول میں آغا خان فلیٹ کی چوتھی منزل سے چھلانگ لگا کر 40 سالہ عبدالفتح نے خودکشی کرلی جس کی لاش عباسی لائی گئی ، پولیس کے مطابق اہلخانہ کا کہنا ہے کہ متوفی نفسیاتی مریض تھا اور اس سے قبل بھی اس نے خودکشی کرنے کے لیے چھلانگ لگانے کی کوشش کی تھی۔

بن قاسم کے علاقے پورٹ قاسم کالونی میں زیر تعمیر مکان کی چھت سے گر کر 30 سالہ منیر احمد ہلاک ہوگیا جس کی لاش جناح اسپتال لائی گئی ، پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی محنت کش تھا اور کام کے دوران توازن بگڑنے پر بلندی سے گر گیا،ماڑی پور روڈ پر نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 2 افراد 35 سالہ دلاور اور 32 سالہ عاشق علی زخمی ہوگئے جبکہ حادثے کا ذمے دار ڈرائیور موقع سے گاڑی سمیت فرار ہوگیا ، بفرزون میں تیز رفتار چنگ چی رکشا ڈرائیور سے بے قابو ہو کر الٹ گیا جس کے نتیجے میں 2 مسافر زخمی ہوگئے جنھیں فوری طبی امداد کے لیے قریب ہی واقع نجی اسپتال لے جایا گیا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں