کرکٹ پاکستان کی اسکاٹ لینڈ سے پنجہ آزمائی ہوگی

چیمپئنز ٹرافی سے قبل17 اور 19 مئی کو ایڈنبرا میں 2 ون ڈے کھیلے جائیں گے۔

گرین شرٹس کیخلاف مقابلوں سے ہمیں اپنا کھیل بہتر کرنے کا موقع ملے گا، اسکاٹش کپتان گورڈن ڈرومنڈ فوٹو: فائل

پاکستان ٹیم چیمپئنز ٹرافی سے قبل اسکاٹ لینڈ سے پنجہ آزمائی کریگی، 17 اور 19 مئی کو ایڈنبرا میں دو ون ڈے میچز کھیلے جائینگے۔

اسکاٹش کپتان گورڈن ڈرومنڈ کا کہنا ہے کہ گرین شرٹس کیخلاف مقابلوں سے ہمیں اپنا کھیل بہتر کرنے کا موقع ملے گا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیم انگلینڈ میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی سے قبل اسکاٹ لینڈ سے دو ون ڈے میچز کی مختصر سیریز کھیلے گی جو17 اور 19 مئی کو دارالحکومت ایڈنبرا میں ہونے ہیں، اس سے قبل بھی پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان تین مرتبہ ون ڈے میچز میں آمنا سامنا ہوا،آخری مرتبہ2007 میں مقابلہ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔

اسکاٹ لینڈ کے کپتان گورڈن ڈرمنڈ نے کہا کہ ان مقابلوں سے اسکاٹش کرکٹ کو فروغ حاصل ہوگا، ہم رواں برس میں آئی سی سی کے دو ایونٹس میں کوالیفائی کرنے کا چانس رکھتے ہیں ایسے میں دنیا کی دو ٹاپ ٹیموں کیساتھ کھیلنے کا موقع بھی میسر آرہا ہے، آسٹریلیا کی ٹیم بھی ایک ون ڈے کیلیے ستمبر میں ہمارے ملک کا دورہ کریگی، یہ میچز ہمارے موجودہ اسکواڈ کے کھیل میں بہتری کیلیے بھی کافی اہمیت رکھتے ہیں۔




انھوں نے مزید کہا کہ ہم ایک مرتبہ پھر پاکستانی ٹیم کو اسکاٹ لینڈ آمد پر خوش آمدید کہنے کے منتظر ہیں، اس سے اسکاٹش اور پاکستانی کمیونٹی کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہونگے، یہ میچز ہمارے لیے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بھی بہترین موقع ہیں، ہم نے گذشتہ برس بنگلہ دیش کیخلاف کامیابی حاصل کی تھی۔

یہ اس قسم کے مقابلے ہیں جس میں اسکاٹش اسکواڈ کا ہر ممبر کھیلنے کو بے چین ہوگا۔ اسکاٹ لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹیو روڈی اسمتھ کا کہنا ہے کہ آئی سی سی نے ہمارے ملک میں کرکٹ کے فروغ کیلیے اضافی سرمایہ کاری کی ہے، ہم فل ممبر ممالک کیساتھ مزید میچز کیلیے بھی کوشاں ہیں، اس سے ہماری ٹیم کا معیار بہتر ہوگا۔
Load Next Story