قائد اعظم ٹرافی کرکٹ سیالکوٹ نے اسلام آباد کو شکست دے دی

کوئٹہ نے پشاور کو اننگز اور 171 رنز کے بھاری مارجن سے ہرایا، راولپنڈی نے فیصل آباد کے خلاف 2 وکٹ سے فتح پائی۔

حیدرآباد کے رضوان احمد کی دونوں اننگز میں سنچریاں کراچی وائٹس سے میچ کو فیصلہ کن نہ بنا سکیں،لاہور شالیمار اور ایبٹ آباد کا مقابلہ دلچسپ مرحلے میں داخل۔ فوٹو : فائل

قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے چوتھے رائونڈ میں ماجد جہانگیر کی سنچری سے تقویت پاتے ہوئے سیالکوٹ نے اسلام آباد کو 9 وکٹ سے شکست دیدی۔

کوئٹہ نے پشاور کو اننگز اور 171 رنز کے بھاری مارجن سے ہرایا، راولپنڈی نے فیصل آباد کے خلاف 2 وکٹ سے فتح پائی، ملتان اور لاہور راوی کا میچ ڈرا ہو گیا، حیدرآباد کے رضوان احمد کی دونوں اننگز میں سنچریاں بھی کراچی وائٹس سے میچ کو فیصلہ کن نہ بنا سکیں۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں سیالکوٹ نے آخری روز ایک وکٹ پر 114 رنز سے دوسری اننگز کا دوبارہ آغازکیا اور 12 اوورز بعد ہی 208رنز کا ہدف عبور کرلیا،ماجد جہانگیر نے ناقابل شکست سنچری اسکور کرتے ہوئے 18 چوکوں کی مدد سے 112 رنز بنائے ،فیصل خان 11 چوکے لگا کر 68 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے،پشاور کے ارباب نیاز اسٹیڈیم میں کوئٹہ کے خلاف فالوآن پر مجبور ہونے والی میزبان ٹیم نے کھیل کے تیسرے روز4 وکٹ پر 70 رنز سے دوسری اننگز دوبارہ شروع کی۔

ٹیم ارون لال کی بولنگ کے سامنے نہ ٹک سکی اور 41.2 اوورز میں195 رنز پر ڈھیر ہوگئی،گوہر علی نے 59 رنز کے ساتھ مہمان بولرز کا مقابلہ کرنے کی کوشش کی، ارون لال نے 69 رنز کے عوض 5 کھلاڑی ٹھکانے لگائے۔آزاد جموں و کشمیر کے میرپور خاص اسٹیڈیم میں وقاص مقصود کی عمدہ بولنگ بھی فیصل آباد کو راولپنڈی کے ہاتھوں 8 وکٹ کی شکست سے نہ بچا سکی، راولپنڈی نے 5 وکٹ پر 164 رنز سے دوسری اننگز دوبارہ شروع کی اور مزید 3 وکٹیں گنوا کر 85.4 اوورز میں فتح سے ہمکنار ہوگئی۔




پہلی اننگز میں 39 رنز کے ساتھ نمایاں رہنے والے عمر مفتی نے دوسری اننگز میں بھی شانداربیٹنگ کا مظاہرہ کیا مگر ایک رن کی کمی سے سنچری مکمل نہ کر سکے، ان کے ناقابل شکست99 رنز میں19چوکے شامل تھے،عدنان مفتی 63 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے،پہلی اننگز میں 4 وکٹیں حاصل کرنے والے وقاص مقصود نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے93 رنز کے عوض 6 بیٹسمینوں کو واپس پویلین پہنچایا،فیصل آباد نے پہلی اننگز میں 226 اور دوسری اننگز میں 130 رنز اسکور کیے تھے۔

لاہور کے ایل سی سی اے گرائونڈ پر میزبان لاہور راوی اور ملتان کے مابین میچ ڈرا پرختم ہوا، مہمان ٹیم نے241 رنز کی برتری کے ساتھ 4 وکٹ پر180 رنز سے اننگز شروع کی اور ایک وکٹ گنوانے کے بعد252 رنز پر ڈیکلیئرڈ کر دیا، جب مقررہ وقت ختم ہوا تو لاہور راوی نے5وکٹ پر 219 رنز بنائے تھے، سعد اللہ نے 14 چوکوں کی مدد سے سنچری داغتے ہوئے 105رنز جوڑے،ذوالفقار بابر نے 4وکٹیں اپنے نام کیں۔نیاز اسٹیڈیم میں کراچی وائٹس نے7 وکٹ پر467 رنز کے ساتھ پہلی اننگز شروع کی۔

محمد سمیع گذشتہ اسکور میں مزید12 رنز جوڑنے کے بعد 77 رنز بناکر واپس پویلین آئے تو ٹیم نے467رنز پر اننگز ڈیکلیئرڈکر دی، میزبان نے کھیل ختم ہونے تک 6 وکٹ پر277 رنز اسکور کرلیے تھے،پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے رضوان احمد نے دوسری باربھی یہ کارنامہ انجام دے دیا،ان کی104 رنز کی اننگز میں 5 چوکے اور 3 چھکے بھی شامل تھے، عقیل انجم نے 52 رنز کا حصہ ڈالا،پہلی اننگز میں 5 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگانے والے عاطف مقبول نے 94 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھاتے ہوئے میچ میں مجموعی طور پر 8 وکٹیں حاصل کیں۔

فراز احمد نے پہلی اننگز کی طرح دوسری میں بھی 3 وکٹیں اپنے نام کیں۔صوابی کے گوہاٹی کرکٹ اسٹیڈیم میں لاہور شالیمار اور ایبٹ آباد کے مابین مقابلہ دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گیا،ایبٹ آباد کے خلاف پہلی اننگز میں 199 رنز بنانے والی لاہور شالیمار نے 4 وکٹ پر 385 رنز کے ساتھ اپنی دوسری اننگز ڈیکلیئرڈ کر دی، پہلی اننگز میں 104 رنز اسکور کرنی والی ایبٹ آباد کی ٹیم نے تیسرے دن کاکھیل ختم ہونے پر 6وکٹ پر150 رنز بنالئے،یاسر حمید 51رنز کے ساتھ کریز پر ہیں، محمد عرفان نے 4 وکٹیں لیں،اس طرح ایبٹ آباد کو کھیل کے آخری روز کامیابی کے لیے 160 رنز درکا ر اور 4 وکٹیں محفوظ ہیں۔
Load Next Story