ملازمت سے برطرفی چیف جسٹس نوٹس لیں محمد یوسف

برسوں سے ملازم پلیئرز کو اچانک برخواست کرنا غیر قانونی ہے، سابق اسنوکر اسٹار

کراچی :ملازمت سے برطرفی پر اسنوکر کے سابق ورلڈ چیمپئن محمد یوسف پریس کانفرنس کررہے ہیں۔ فوٹو : آمن لائن

سابق عالمی اسنوکر چیمپئن محمد یوسف نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی کہ ان کی قومی خدمات کو نظر انداز کرتے ہوئے ان سمیت دیگر 32 کھلاڑیوں کی کے پی ٹی سے برطرفی کا از خود نوٹس لیا جائے۔

بدھ کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ غیر قانونی تقرریوں کا الزام عائد کرکے برسوں سے ملازم انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو اچانک برخواست کرنا غیر قانونی ہے،ادارے میں اندرون خانہ بھرتیاں جاری اور سفارش پر بعض کھلاڑیوں کوبھی دوبارہ ملازمت دی جا رہی ہے۔


سابق اسٹار نے ایک بار پھر کہا کہ عالمی اسنوکر چیمپئن محمد آصف پر انعامات کی بارش جاری اور مجھے 10 ہزار روپے ماہانہ کی ملازمت سے الگ کر دیا گیا۔ اس موقع پر برطرف پاکستان فٹبال ٹیم کے سابق کپتان احسان اللہ نے کہا کہ ملک کی خدمت کے دوران زخمی ہونے پر علاج کے بجائے نوکر ی سے نکال دینا ناانصافی ہے۔



اس کا وفاقی وزیر پورٹس اینڈ شپنگ بابر خان غوری نوٹس لیں،پاکستان باکسنگ ٹیم کے کوچ علی اکبر شاہ نے کہا کہ 1994 میں سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی ہدایت پر کے پی ٹی میں فٹبال اور باکسنگ ٹیمیں بنائی گئیں تھیں ۔ برطرف کھلاڑیوں نے کہا کہ عدم بحالی پر عدالت سے رجوع کرنے کے ساتھ احتجاج بھی جاری رہے گا، بعد ازاں برطرفی کے خلاف کلب کے سامنے مظاہرہ بھی کیا گیا۔
Load Next Story