امجد صابری کے اہل خانہ عدم تحفظ کا شکار بیرون ملک منتقلی کا فیصلہ

ہر چیز پر نظر رکھی جارہی ہے، ہم عدم تحفظ کا شکار ہیں، اہل خانہ

ہر چیز پر نظر رکھی جارہی ہے، ہم عدم تحفظ کا شکار ہیں، اہل خانہ۔ فوٹو: فائل

معروف قوال امجد صابری کے اہل خانہ نے عدم تحفط کے خدشات کی بنا پر بیرون ملک جانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔


امجد صابری کے اہل خانہ نے بتایا کہ امجد بھائی کی شہادت کے بعد ہمارے گھر یلو معاملات بری طرح متاثر ہوئے ہیں، والدہ اب تک غم سے نڈھال ہیں اور لوگ کہتے ہیں کہ ہم پر نظر رکھی جارہی ہے،کون ہم سے ملنے آتا ہے اور ہم کب کہاں جاتے ہیں، ہر چیز پر نظر رکھی جارہی ہے، ہم عدم تحفظ کا شکار ہیں، ایسے میں ہمارے لیے پاکستان میں رہنا اب مشکل ہوگیا ہے، امجد بھائی کے3 بیٹے اور 2 بیٹیاں ہیں ان کے مستقبل کا بھی تحفظ کرنا ہے، جیسے ہی ہمیں ویزا مل جائے گا ہم چلے جائیں گے۔ انھوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں ہم نے پولیس اور رینجرز کو بھی مطلع کردیا ہے۔

گزشتہ روز سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے بھی ان کے گھر کا دورہ کیا اور امجد صابری کی شہادت پر تعزیت کی۔ عظمت صابری نے بتایاکہ افتخار محمد چوہدری نے انھیں اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ ہمیں جو عدم تحفظ کا خدشہ ہے اسے دور کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔
Load Next Story