مصر میں گرجاگھروں پر حملے
عالم اسلام کو دہشتگردی کے وسیع تر تناظر میں سامراجی طاقتوں کے پیدا کردہ مفاداتی یلغار سے ہمہ جہتی چیلنجوں کا سامنا ہے
BANNU:
مصر میں قبطی عیسائیوں کے2 گرجا گھروں میں دھماکوں کے نتیجے میں کم از کم 38 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے۔گرجا گھروں میں جب دھماکے ہوئے لوگ پام سنڈے کی دعائیہ تقاریب میں شریک تھے، پوپ فرانسس نے گرجا گھروں میں دھماکوں کی مذمت کی ہے جو شیڈول کے مطابق مصر کا دورہ کرنے والے ہیں، داعش نے حملوں کی ذمے داری قبول کر لی ۔ داعش مسلم دنیا کو مذہبی دہشتگردی کی آگ میں جھونک کر کن سامراجی ملکوں کے مفادات کی تکمیل میںسرگرداں ہے اس کا عالم اسلام کو متحد ہوکر جواب دینا چاہیے ۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ گرجاگھروں پر بہیمانہ حملے کو شامی بحران کے تناظر میں ٹرمپ انتظامیہ کے نیو ورلڈ آرڈر کیلیے ایک آزمائش ہے ۔''لاس اینجلز ٹائمز''نے شامی ایئر بیس پر حملہ ریپبلکن پارٹی اور کانگریس میں گہری نظریاتی تقسیم کی خبر دی ہے جب کہ ''واشنگٹن پوسٹ'' نے لکھا ہے کہ ٹرمپ کے شام پر میزائل حملہ سے کئی سوال پیدا ہوئے ہیں۔ ادھر عرب دنیا میں انقلاب کی لہر تیونس سے مصر اور پھر کئی مسلم حکومتوں کیلیے لمحہ فکریہ بنی ہوئی ہے، عالم اسلام کو دہشتگردی کے وسیع تر تناظر میں سامراجی طاقتوں کے پیدا کردہ مفاداتی یلغار سے ہمہ جہتی چیلنجوں کا سامنا ہے ، مغرب ہر الزام کو اسلام سے نتھی کرکے دہشتگردی کے خاتمہ کے بہانہ اپنی فوجی طاقت میں اضافی کر رہا ہے، امریکا نے شام پر حملہ کی نئی ترجیحات کا تعین بھی کیا ہے اور شام کے صدر بشار الاسد کے حوالے سے اپنے موقف میں تبدیلی لاتے ہوئے کہا ہے کہ ''اب بشارالاسد کا جانا ناگزیر ہوچکا ہے''۔
اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی نے نشریاتی ادارے سی این این کو اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ''شام میں اقتدار کی تبدیلی اب ٹرمپ انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے، چنانچہ ترجیحات کی تبدیلی مزید تباہی کا عندیہ ہے، ایسی ہولناک صورتحال میں روس ، ایران اور چین سمیت تمام عالمی قوتوں کو مشرق وسطیٰ میں ایٹمی جنگ کے خطرہ کو ٹالنے کیلیے یکجا ہونا چاہیے ، مصر میں گرجاگھروں پر حملہ ایک ویک اپ کال ہے۔
مشرق وسطیٰ شعلوں میں گھر چکا ہے، امن کے قیام کیلیے اقوام متحدہ اور اس کی سلامتی کونسل کو فیصلہ کن مداخلت کرنے کیلیے انتظار نہیں کرنا چاہیے ، رواں ماہ پوپ فرانسس شیڈول کے مطابق رواں ماہ میں مصر کا دورہ کرنے والے ہیں، دہشتگردی سر اٹھا رہی ہے جب کہ شام میں امریکی جارحانہ اقدامات جائز نہیں ہیں اور ایسی کارروائیاں نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں بلکہ یک طرفہ حملوں سے صورتحال مزید کشیدہ ہو سکتی ہے۔ اقوام متحدہ جنگ بازوں کو قائل کرے کہ جنگ کسی مسئلہ کا حل نہیں۔