کراچی میں رینبو سینٹر کےقریب گودام میں آتشزدگی 5 افراد جھلس کر زخمی

آگ پیٹیوں کے گودا میں لگی جس نے قریبی آتشبازی کے کارخانے کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا

آگ پیٹیوں کے گودا میں لگی جس نے قریبی آتشبازی کے کارخانے کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، فوٹو؛ ایکسپریس

ABBOTABAD:
صدر رینبو سینٹر کے عقب میں قائم بسوں کے اڈوں سے متصل لکڑیوں کی پرانی پیٹیوں کے گودام میں لگنے والی آگ نے آتش بازی کے کارخانے کو لپیٹ میں لے لیا جس سے 5 افراد جھلس کر زخمی بھی ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق بریگیڈ کے علاقے صدر رینبو سینٹر کے عقب میں خالی پلاٹ بسوں کا اڈا، لکڑیوں کی پرانی پیٹیوں کا گودام ، کچرا خانہ اور آتش بازی کے سامان کاکارخانہ قائم تھا، پلاٹ پر لکڑیوں کے پیٹیوں کے ایک گودام میں پیر کی دوپہر سوا ایک بجے آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے کچرا خانے اور آتش بازی کے سامان کو لپیٹ میں لے لیا، اس دوران آتش بازی کے کارخانے میں آگ لگنے سے زور دار دھماکے ہوگئے جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، آگ لگنے کی اطلاع پر فائر بریگیڈ کی 2 گاڑیاں پولیس ، رینجرز اور بی ڈی ایس کا عملہ موقع پر پہنچ گیا۔


آگ کے شدت اختیار کرنے پر شعلے آسمان سے باتیں کرنے لگے، فائر بریگیڈ نے صورتحال دیکھ کر آگ کو تیسرے درجے کی قرار دیتے ہوئے تمام فائر اسٹیشنوں سے گاڑیاں طلب کرلیں تاہم اس دوران مزدوروں نے اپنی پیٹیاں جلنے سے بچانے کی کوشش کی تو جھلس کر 5 افراد زخمی ہوگئے جن کو قریبی اسپتال پہنچایا گیا ،فائر فائٹرز نے 3 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا، صدر فائر اسٹیشن کے انچارج وجاہت نے ایکسپریس کو بتایا کہ مذکورہ خالی پلاٹ میں کھڑی بسوں کا بچالیا گیا تھا، آتشزدگی کے نتیجے میں لکڑی کی پرانی پیٹیوں کا گودام ، کچرا خانہ اورحنیف نامی شخص کا آتش بازی کے کارخانے میں موجود سامان جل کر تباہ ہوگیا جب کہ 5 افراد معمولی طورپر جھلس کر زخمی ہوئے،آگ بھجانے کے دوران فائر فائٹرزکو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

آتش بازی کے سامان میں آگ لگنے سے زور دار دھماکے ہو ئے اس دوران فائر فائٹرز بھی دھماکون سے بال بال بچ گئے، آگ بجھانے کے دوران پانی ختم ہوگیا تھا تاہم 3 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ آتش بازی کے سامان کے کارخانے کے مالک کو تلاش کیا جارہا ہے۔
Load Next Story