کراچی میں جاری ترقیاتی کام رمضان سے قبل مکمل کر لیے جائیں گے وزیر اعلیٰ

حسن اسکوائرسے نیپاتک 55فیصدسڑک مکمل ہے، طارق روڈ کا کام مکمل ہوگیا، نیاز سومرو،

طارق روڈپر عمارتوں کے بند پارکنگ ایریاز کوفوری کھولاجائے،ڈی آئی جی ٹریفک کارشوروم کی سڑکوں پرکھڑی گاڑیاں ضبط کرلیں۔ فوٹو : فائل

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں ترقیاتی کام 24 گھنٹے ہونا چاہیے میں کام کی رفتار سے مطمئن نہیں ہوں اور مجھے رمضان سے پہلے ترقیاتی کام مکمل چاہئیں یونیورسٹی روڈ پر این ای ڈی سے صفورہ تک 45 فیصد کام مکمل ہوگیا ہے اور گندے پانی کی نکاسی کی لائنیں تعمیر ہوچکی ہیں حب ریور روڈ کا کام مئی کے پہلے ہفتے میں مکمل ہوجائے گا۔

گزشتہ روز کراچی ترقیاتی پیکیج سے متعلق وزیراعلیٰ ہاؤس میں اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو، چیف سیکریٹری رضوان میمن، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات محمد وسیم، سیکریٹری خزانہ حسن نقوی، ڈی آئی جی ٹریفک، سیکریٹری بلدیات، کمشنر کراچی اعجاز علی خان شریک تھے وزیراعلیٰ سندھ کو پروجیکٹ ڈائریکٹر کراچی ترقیاتی پیکیج نیاز سومرو نے بریفنگ میں بتایا کہ حسن اسکوائر سے نیپا تک 55 فیصد سڑک مکمل ہوگئی ہے اس سڑک پر نکاسی آب کی لائنیں بھی ڈالی گئی ہیں اور آنے والی سڑک بھی2 کلو میٹر سے زیادہ مکمل ہوگئی ہے۔

نیاز سومرو نے مزید بتایا کہ طارق روڈ کا کام مکمل ہوگیا ہے۔ لین مارکنگ کا کام جاری ہے فٹ پاتھ کی لین دو دن کے اندر ہوجائے گی، وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی اور ڈی آئی جی ٹریفک سے کہاکہ مجھے شکایت ملی ہے کہ طارق روڈ پر کچھ عمارتوں کی پارکنگ استعمال نہیں ہورہی اس کا جائزہ لے کر مجھے رپورٹ پیش کریں اوران عمارتوں کی پارکنگ کھلوائیں صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو نے بتایا کہ ان بلڈنگوں کے پارکنگ ایریا میں گودام بنائے گئے ہیں۔


وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان عمارتوں میں پارکنگ ایریا میں بنائے گئے گودام ختم کرکے پارکنگ کھلوائی جائے وزیر اعلیٰ نے ڈی ایم سی ایسٹ میں صفائی کے انتظامات شروع کرنے کی ہدایت کی جام خان شورو نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ وہ کل سے طارق روڈ پر ڈسٹ بن رکھوائیں گے سولڈ ویسٹ مینجمنٹ ضلع شرقی میں بھی کام کرنے جارہا ہے چیف سیکریٹری سندھ رضوان میمن نے بتایاکہ شوروم والے کلفٹن اور خالد بن ولید روڈ پر دوبارہ گاڑیاں پارک کررہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے ڈی آئی جی ٹریفک کو کہا کہ گاڑیوں کے شوروم کو بند کرکے چالان کریں اور شوروم والے کورٹ سے گاڑیاں چھڑوائیں یہ واضح حکم ہے انھوں نے کہاکہ طارق روڈ پر اب ٹھیلے روڈ پر لگ رہے ہیں یہ قابل قبول نہیں انھوں نے کمشنر کو فوری طور پر پتھارے ہٹانے کا حکم دیا وزیراعلیٰ کو اجلاس کے دوران بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ موسمیات روڈ ، مدارس چوک سے سپرہائی وے تک ایک ٹریک مکمل ہوگیا ہے دوسرا ٹریک جلد مکمل ہوجائے گا۔

مدینتہ الحکمت کا 6 کلو میٹر روڈ مکمل ہوگیا ہے ناتھا خان یوٹرن پر بھی کام شروع ہوگیا ہے اور 30.3 ملین روپے آرمی لینڈ کی ادائیگی کی جاچکی ہے وزیراعلیٰ کو مزید بتایا گیا کہ شاہراہ فیصل کی وائیڈنگ پر کام تیزی سے جاری ہے، شاہراہ فیصل، ڈرگ روڈ پر انڈر پاس پر تیزی سے کام جاری ہے جبکہ شاہراہ فیصل کو توسیع بھی دی جا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں چاہتا ہوں رات کو دو لین بند کرکے دو لین پر تیزی سے کام کیا جائے انھوں نے بتایا کہ ری موڈلنگ آف بلوچ کالونی فلائی اوور کی آ ج لین مارکنگ ہوگئی ہے منزل پمپ پر فلائی اوور پرکام جاری ہے سب میرین چورنگی پر انڈر پاس کے لیے سائیڈ سے متبادل روڈ بن رہا ہے جیسے ہی متبادل روڈ بن جائے گا اس پر بھی کام شروع ہوجائے گا فیریئر ہال کا فوارہ 1836 میں بنا تھا وزیر اعلیٰ سندھ نے اسے بحال کرنے کا حکم دیا۔
Load Next Story