آپریشن ردالفساد 10 دہشت گرد ہلاک 250 شر پسند گرفتار کر لیے کمانڈنٹ پنجاب رینجرز
ارشد محمود نے کہا کہ ڈیرہ کا قبائلی علاقہ پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے سرحدی علاقوں کے قریب ہے جہاں پر حکومتی رٹ نہ ہونے کے برابر ہے تاہم حساس اداروں کی نشاندہی پر رینجرز نے فورٹ منرو کے قریب قبائلی علاقہ چیرہ تھل میں آپریشن کرتے ہوئے 5 خطرناک دہشت گردوں پیر بخش کھوسہ، ذوالفقار عرف زلفی، خدا بخش، ناہڑو اور ایک نامعلوم دہشت گرد کو ہلاک کر دیا، ان کے سر کی قیمت 20 لاکھ روپے مقرر تھی۔ اس آپریشن میں مذکورہ دہشت گردوں نے بھرپور مزاحمت کی اور ان کی طرف سے فائرنگ کے نتیجے میں رینجرز اہلکار محمد کامران نے انتہائی بہادری سے جام شہادت نوش کیا جبکہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ رینجرز ہارون اور انسپکٹر شاہد زخمی ہوئے جبکہ ڈیرہ غازی خان سمیت پورے ملک میں کوئی نو گو ایریا نہیں ہے جبکہ ناجائز اسلحہ کے 137 مقدمات درج کیے گئے۔
بریگیڈیئر ارشد محمود نے کہا کہ یہ صرف پولیس، حساس اداروں اور رینجرز کا آپریشن نہیں بلکہ پوری قوم کا ملک دشمن عناصر کے خلاف آپریشن اور جنگ ہے اور شر پسند عناصر کے خاتمے تک یہ آپریشن جاری رہے گا، اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر رحمت اللہ نیازی نے کہا کہ دہشت گرد عناصر جہاں بھی ہیں انھیں کسی صورت میں نہیں چھوڑیں گے۔