آپریشن ردالفساد 10 دہشت گرد ہلاک 250 شر پسند گرفتار کر لیے کمانڈنٹ پنجاب رینجرز

ڈیرہ کے قبائلی علاقے میں مارے گئے دہشت گرد تخریبی سرگرمیوں میں ملوث اور کالعدم ٹی ٹی پی کے سہولت کار تھے


Numainda Express April 11, 2017
ملک میں کوئی نوگو ایریا نہیں، بریگیڈیئر ارشد محمود، دہشت گرد جہاں بھی ہیں نہیں چھوڑیں گے، آر پی او ڈیرہ رحمت اللہ نیازی۔ فوٹو: فائل

سرکٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کمانڈنٹ پاکستان رینجرز پنجاب بریگیڈیئر ارشد محمود نے کہا ہے کہ ضلع ڈیرہ کے قبائلی علاقے میں ہلاک ہونیوالے دہشت گرد تخریبی سرگرمیوں، اغوا برائے تاوان کی وارداتوں، بلوچستان کے علیحدگی پسندوں اور کالعدم ٹی ٹی پی کو راستے کی سہولت فراہم کرنے میں بھی ملوث تھے جبکہ آپریشن ردالفساد میں حساس اداروں کی نشاندہی پر ڈیڑھ ماہ کے دوران ڈیرہ ڈویژن میں 250 سے زائد شر پسند عناصر کو گرفتار اور 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر کے ان کے قبضے سے کروڑوں مالیت کا بھاری اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔

ارشد محمود نے کہا کہ ڈیرہ کا قبائلی علاقہ پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے سرحدی علاقوں کے قریب ہے جہاں پر حکومتی رٹ نہ ہونے کے برابر ہے تاہم حساس اداروں کی نشاندہی پر رینجرز نے فورٹ منرو کے قریب قبائلی علاقہ چیرہ تھل میں آپریشن کرتے ہوئے 5 خطرناک دہشت گردوں پیر بخش کھوسہ، ذوالفقار عرف زلفی، خدا بخش، ناہڑو اور ایک نامعلوم دہشت گرد کو ہلاک کر دیا، ان کے سر کی قیمت 20 لاکھ روپے مقرر تھی۔ اس آپریشن میں مذکورہ دہشت گردوں نے بھرپور مزاحمت کی اور ان کی طرف سے فائرنگ کے نتیجے میں رینجرز اہلکار محمد کامران نے انتہائی بہادری سے جام شہادت نوش کیا جبکہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ رینجرز ہارون اور انسپکٹر شاہد زخمی ہوئے جبکہ ڈیرہ غازی خان سمیت پورے ملک میں کوئی نو گو ایریا نہیں ہے جبکہ ناجائز اسلحہ کے 137 مقدمات درج کیے گئے۔


بریگیڈیئر ارشد محمود نے کہا کہ یہ صرف پولیس، حساس اداروں اور رینجرز کا آپریشن نہیں بلکہ پوری قوم کا ملک دشمن عناصر کے خلاف آپریشن اور جنگ ہے اور شر پسند عناصر کے خاتمے تک یہ آپریشن جاری رہے گا، اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر رحمت اللہ نیازی نے کہا کہ دہشت گرد عناصر جہاں بھی ہیں انھیں کسی صورت میں نہیں چھوڑیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں