جمیل احمد 3 سال کیلیے ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک تعینات

سینٹرل بینکر کیریئر 26 برس پر محیط، مرکزی بینک میں بطور ایگزیکٹو ڈائریکٹرکام کررہے تھے


Business Reporter April 12, 2017
جمیل احمد اسٹیٹ بینک کی زری پالیسی کمیٹی اور بعض انتظامی کمیٹیوں کے رکن ہیں۔ فوٹو: فائل

وفاقی حکومت نے 11 اپریل2017 سے اسٹیٹ بینک میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے عہدے پر خدمات انجام دینے والے جمیل احمد کو 3 سال کی مدت کے لیے اسٹیٹ بینک کا ڈپٹی گورنر تعینات کر دیا ہے۔

سینٹرل بینکر کی حیثیت سے جمیل احمد کا کیریئر 26 برسوں پر محیط ہے اور وہ اسٹیٹ بینک اور سعودی عریبین مانیٹری ایجنسی (سما) میں سینئر عہدوں پر فرائض انجام دے چکے ہیں۔ اسٹیٹ بینک میں بطور ڈپٹی گورنر تعیناتی سے قبل وہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر بینکنگ سپرویڑن گروپ اور مالی استحکام کے طور پر کام کر رہے تھے۔ وہ آپریشنز، بینکنگ پالیسی اینڈ ریگولیشنز، ترقیاتی مالیات اور فنانشیل ریسورس مینجمنٹ کے گروپ ہیڈ کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

جمیل احمد اسٹیٹ بینک کی زری پالیسی کمیٹی اور بعض انتظامی کمیٹیوں کے رکن ہیں۔ وہ دو بین الاقوامی کمیٹیوں میں بھی اسٹیٹ بینک کی نمائندگی کرتے ہیں جن میں مالی استحکام بورڈ (ایف ایس بی) کی کرسپانڈنٹ بینکاری اشتراک گروپ اور بازل کمیٹی برائے بینکاری نگرانی (بی سی بی ایس) کی ٹاسک فورس برائے اثاثوں کا دانشمندانہ انتظام شامل ہیں۔

قبل ازیں جمیل احمد نے لاہور میں پنجاب یونی ورسٹی سے ایم بی اے کیا اور وہ انسٹی ٹیوٹ آف کوسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاؤنٹس آف پاکستان (ایف سی ایم اے) کے فیلو رکن، انسٹی ٹیوٹ آف بینکرز پاکستان کے ایسوسی ایٹ ممبر اور انسٹی ٹیوٹ آف کارپوریٹ سیکریٹریز آف پاکستان (ایف سی آئی ایس) کے فیلو رکن بھی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں