وزیراعظم نے گیس کنکشنز پر عائد پابندی اٹھانے کی منظوری دیدی

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں حج پالیسی، نئی ہاؤسنگ اسکیمز اور گیس کنکشنز سمیت اہم منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا


ویب ڈیسک April 12, 2017
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں حج پالیسی، نئی ہاؤسنگ اسکیمز اور گیس کنکشنز سمیت اہم منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، فوٹو؛ فائل

وزیراعظم نواز شریف نے نئے گیس کنکشنز پر 2009 سے عائد پابندی بھی اٹھانے کی منظوری دے دی۔



وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں حج پالیسی، نئی ہاؤسنگ اسکیمز اور گیس کنکشنز سمیت اہم منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے شرکا کو نئی ہاؤسنگ اسکیموں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کم آمدن متوسط طبقے کے لیے ہاؤسنگ ماڈل پیش کیے، اس کے علاوہ احسن اقبال نے کابینہ کو اراضی کے حصول اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: حج پالیسی کا اعلان، سرکاری اسکیم پر 86 ہزار سے زائد افراد حج ادا کریں گے



وزیراعظم نواز شریف کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ملک بھر میں گھروں کی ضرورت پوری کرنے کے لیے کوشاں ہیں، حکومت گھروں کی تعمیر کے حوالے سے غریبوں کی مدد کرنا چاہتی ہے، ترقیاتی اسکیموں کے باعث شہروں کی منتقلی تیز ہو گی۔ بعد ازاں وفاقی کابینہ نے ہاؤسنگ اسکیموں سے متعلق ایک کمیٹی تشکیل دی جس کے سربراہ وزیر ہاؤسنگ ہوں گے اور کمیٹی 10 روز میں اپنی رپورٹ وزیراعظم نواز شریف کو پیش کرے گی۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں نئے گیس کنکشنز پر 2009 سے عائد پابندی بھی اٹھانے کی منظوری ے دی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: وزارت مذہبی امور کی حج اخراجات 10 ہزار روپے بڑھانے کی تجویز



وفاقی کابینہ کے اجلاس میں حج پالیسی 2017 کی منظوری بھی دی گئی جس کے مطابق رواں برس 60 فیصد لوگ سرکاری حج اسکیم کے تحت جب کہ 40 فیصد پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت جا سکیں گے۔ وزیراعظم نواز شریف نے حج اخراجات میں اضافے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے عزام کرام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں