کراچی ایم کیو ایم کے ایم پی اے منظر امام اوران کے3محافظ فائرنگ سے جاں بحق
ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی منظر امام ان کا ڈرائیوراور2محافظ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے،ایم کیوایم نے اس اندوہناک سانحے پر3روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔
اورنگی ٹاؤن سیکٹرگیارہ نشان حیدرچوک کے قریب نامعلوم افراد نے متحدہ قومی موومنٹ کے رکن سندھ اسمبلی منظرامام کی گاڑی پر اس وقت فائرنگ کی جب وہ اپنے گھرسے کسی کام سے باہر جانے کے لئے نکلے اسی دوران گھات لگائے بیٹھے نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی پرفائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے، انہیں اسپتال لے جایاجارہا تھا مگروہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اپنے خالق حقیقی سے جاملے،عباسی شہید اسپتال کے ایم ایل اوکے مطابق منظرامام کے سراورسینے میں 8گولیاں لگیں، فائرنگ سے رکن سندھ اسمبلی منظرامام کا ڈرائیور اوران کے 2محافظ بھی زخمی ہوئے جو اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔
ترجمان کالعدم تحریک طالبان پاکستان احسان اللہ احسان نے متحدہ قومی موومنٹ کے رکن سندھ اسمبلی منظرامام کےقتل کی ذمےداری قبول کرتے ہوئے کہا کہ طالبان نے ایم کیوایم کے خلاف کارروائیوں کا آغازکردیا ہے۔
وزیراعلی سید قائم علی شاہ نے آئی جی سندھ فیاض لغاری کو کوہدایت کی ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کوجلدازجلد گرفتارکرکے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
دوسری جانب رکن سندھ اسمبلی منظر امام کے قتل کے بعد شہراوراندرون سندھ کے مختلف علاقوں میں کشیدگی پھیل گئی جس کے دوران دکانیں، کاروباری مراکز اورپیٹرول پمپس بند ہوگئے۔