ایماندارریلوے پولیس اہلکارنے مسافر کا بیگ واپس کردیا

مسافرکے بیگ میں 64 ہزار روپے، دلہن کے قیمتی کپڑے اور سامان موجود تھا

 ایس ایس پی رابن یامین نے کانسٹیبل منیر احمد کو نقدانعام اور تعریفی سند دی فوٹو:فائل

ریلوے پولیس اہلکار نے ایمانداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسٹیشن پر بیگ بھول جانے والے مسافر کو اس کا بیگ واپس کر دیا جس میں64 ہزار روپے، دلہن کے قیمتی کپڑے اور سامان موجود تھا، بیگ بھولنے والی فیملی پشاور سے شادی کر کے دلہن کو کراچی لائی تھی۔


کینٹ ریلوے تھانے کے ہیڈ محرر تنویر نے ایکسپریس نیوز کو بتایا کہ گل اکبر ولد امیر اکبر بدھ کی شب عوام ایکسپریس کے ذریعے اپنے بیٹے کی شادی کے بعد کراچی پہنچا اور سارا سامان ٹرین سے اتارکر اسٹیشن کے باہر پارکنگ ایریا میں لے گیا جہاں گاڑیوں میں سارا سامان تو رکھ لیا جبکہ ایک بیگ وہیں بھول کر اپنے گھر کیماڑی چلاگیا تھا اسی دوران ڈیوٹی پر مامور کینٹ ریلوے تھانے کا کانسٹیبل منیر احمد نے بیگ کو لاوارث حالت میں دیکھ کر اٹھا لیا اور تھانے لاکر چیک کیا تو اس میں64 ہزار530 روپے نقدی ، دلہن کی نئے قیمتی جوڑے اور دیگر جہیز کا قیمتی سامان تھا۔ جس پر کانسٹیبل نے ہیڈ محرر تنویر کو بیگ کے بارے میں بتا کر اس کے حوالے کر دیا ، ہیڈ محرر نے ایس ایس ایچ او کینٹ ریلوے کو واقعے کے بارے میں بتایا جس پر ایس ایچ او نے بیگ اپنی تحویل میں لے کر جمعرات کی صبح پورا واقعہ ایس ایس پی ریلوے رابن یامین کو کانسٹیبل منیر احمد کی ایمانداری کے بارے میں بتایا۔

انھوں نے بتایا کہ جمعرات کی صبح گل اکبر اپنا بیگ ڈھونڈتا ہوا تھانے پہنچا جس پر اسے ایس ایس پی رابن یامین کے دفتر سٹی ریلوے اسٹیشن لے جایا گیا جہاں ایس ایس پی نے بیگ اور اس میں موجود سامان چیک کرا کر گل اکبر کے حوالے کردیا،ایس ایس پی نے کانسٹیبل منیر احمد کو شاباش دیتے ہوئے نقد انعام اور تعریفی سند دی ۔
Load Next Story