سندھ دشمن کسی بھی منصوبے کو کامیاب نہیں ہونے دینگے جلال محمود شاہ

جی ایم سید نے جدید قوم پرستی کا نظریہ دیا اور سندھیوں کو دنیا میں ایک قوم کے طور پر تسلیم کرایا،جلا محمود شاہ


Nama Nigar January 18, 2013
سندھ کے دشمنوں کو خبردار کرتے ہیں کہ وہ سازشیں بند کر دیں، جلال محمود شاہ۔ فوٹو: فائل

جیے سندھ تحریک کے بانی و قیام پاکستان کیلیے سب سے پہلے سندھ اسمبلی میں قرار داد پیش کرنے والے سائیں جی ایم سید کی ایک سو نویں سالگرہ کے موقع پر سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے تحت سن میں ہونے والے جلسہ عام میں شریک سیاسی و قوم پرست اور مذہبی جماعتوں کے قائدین نے جمہوری عمل کے خلاف جاری سازشوں کی روک تھام اور عام انتخابات مقررہ وقت پر کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

یہ مطالبہ جلسہ عام میں منظور ہونے والی ایک قرار داد میں کیا گیا۔ قبل ازیں جی ایم سید کے پوتے اور ایس یو پی کے صدر سید جلال محمود شاہ نے دیگر سیاسی و قوم پرست قائدین کے ہمراہ جی ایم سید کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔ جلسہ عام سے سید جلال محمود شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جی ایم سید نے جدید قوم پرستی کا نظریہ دیا اور سندھیوں کو دنیا میں ایک قوم کے طور پر تسلیم کرایا مگر اس ملک میں ہمارے سیاسی و قومی مفادات کا تحفظ نہیں کیا گیا،اگر سندھیوںنے ذاتی اور شخصی مفادات کیلیے ووٹ کا استعمال کیا تو پھر سندھ کو کوئی بھی غلامی سے نہیں بچا سکے گا، ہم سندھ کے دشمنوں کو خبردار کرتے ہیں کہ وہ سازشیں بند کر دیں کیونکہ ہم سندھ دشمنی پر مبنی کسی بھی منصوبے یا سازش کو ہر گزکامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

انھوں نے کہ کہا کہ سندھ پر مسلط بلدیاتی نظام سندھ کی تقسیم کی سازش ہے اورجس کسی نے بھی اس دہرے نظام کے خلاف جدوجہد کی ہے وہ سندھ دوست ہے۔ انھوںنے کہا کہ سندھ کی عوام نے کبھی بھی سندھ دشمنوں کو معاف نہیں کیا ہے اور انکا محاسبہ کیا ہے، حکمران سندھ کے عوام کو سمجھیں اور فوری طورپر دہرے بلدیاتی نظام کو ختم کرکے سندھ کی عوام سے معافی مانگیں۔ شرکاء سے سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاست کا میدان غداروں سے چھین لیں گے اورآنے والے عام انتخابات میں اقتدار کی پجاری جماعتوں کو لکاریں گے اور عوام کے ووٹوں کی طاقت سے انھیں شکست دیکر سندھ کی نئی تاریخ لکھیں گے۔

5

 

سندھ اسمبلی میں فنکشنل لیگ کی نامزد اپوزیشن لیڈرنصرت سحرعباسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ اس وقت انتہائی تکلیف کے دور سے گزررہا ہے ، یکم اکتوبر کو دہرا بلدیاتی نظام نافذ کرکے سندھ دھرتی پر وار کیا گیا ہے اوریہ کالا قانون بنانے، اسے اسمبلی میںپیش کرنے اور منظور کرنے والوںنے ثابت کردیا کہ انکی سوچ صرف اورصرف اقتدارمیں رہنا ہے، اگر آج ہم نے اس سندھ کی تقسیم کے خلاف جدوجہد نہیں کی تو پھر اسکا خمیازہ صرف ہم ہی نہیں بلکہ ہماری آنے والے نسلیں بھی بھگتیں گی۔ عوامی جمہوری پارٹی کے صدراکرم وسان نے کہا کہ سائیں جی ایم سید اعلی شخصیت جومالک اور باکردار انسان تھے وہ نہ صرف عاشق سندھ تھے بلکہ انھوںنے سندھی قوم کو انکے مستقبل کے متعلق ہوشیار بھی کیا۔

پاکستان سنی تحریک کی سیاسی کمیٹی کے کنوینرمطلوب اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہرا بلدیاتی نظام سندھ کی وحدت کو نقصان پہنچانے کی سازش ہے جس کے خلاف ہم سندھ بچاؤ کمیٹی کے شانہ بشانہ جدوجہد جاری رکھیں گے۔ پختوانخواہ عوامی ملی پارٹی سندھ کے نائب صدر سلیم خان ترین نے کہا کہ پختون سندھ کے دعویدار نہیں بلکہ وہ یہاں روزگارکے لیے آئے ہیں، لیکن ہم سندھ کی تقسیم کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔

عوامی تحریک کے جنرل سیکریٹری انور سومرو نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنی اتحادی جماعت متحدہ کوخوش کرنے کے لیے دہرا بلدیاتی نظام نافذ کیا لیکن سندھ کی عوام نے فیصلہ کرلیا ہے کہ وہ کسی بھی صورت بلدیاتی نظام نہیں چلنے دیں گے۔ جماعت اسلامی کے رہنما اسداﷲ بھٹو نے کہا کہ آنے والے عام انتخابات میں پیپلزپارٹی کو اپنی مقبولیت کا اندازہ ہوجائے گا کیونکہ آنے والے انتخابات میں عوام پیپلزپارٹی کو جوتے دکھائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں