وارم اپ مقابلہ پاکستانی ٹیم کو ’’گیئر‘‘ بدلنے کا موقع ملے گا

آج شروع ہونے والے سہ روزہ پریکٹس میچ میں ویسٹ انڈیزپریذیڈنٹ الیون سے سامنا


Sports Desk April 15, 2017
ٹیسٹ سیریز کی تیاری کیلیے بھرپور سیشن، احمد شہزاد، حسن اور عامر کا آرام۔ فوٹو: فائل

پاکستانی کرکٹرز کو ہفتے کے روز شروع ہونے والے وارم میچ میں گیئر تبدیل کرنے کا موقع ملے گا۔

سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹوئنٹی20 اورون ڈے سیریز جیتی،اب کپتان کے ساتھ ٹیسٹ کرکٹ کیلیے گیئر بھی تبدیل کرنے کا وقت آگیا ہے، مصباح الحق اپنے کیریئر کی آخری سیریز کو یادگار بنانے کیلیے بے تاب ہیں۔

گزشتہ روز مہمان کرکٹرز نے جمیکا میں 3گھنٹے کے پریکٹس سیشن میں صلاحیتوں کونکھارنے کیلیے محنت کی جبکہ احمد شہزاد، حسن علی اور محمد عامر نے آرام کیا، کپتان، ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے دوسرے سینئر بیٹسمین یونس خان، اظہر علی، بابر اعظم، اسد شفیق، سرفراز احمد، عثمان صلاح الدین، یاسر شاہ، شاداب خان، محمد اصغر، وہاب ریاض اور محمد عباس میدان میں موجود تھے۔

کھلاڑیوں نے وارم اپ کے بعد پش اپس سمیت مختلف مشقوں کے بعد فیلڈنگ کوچ اسٹیورکسن کی رہنمائی میں ڈرلز کرتے ہوئے کارکردگی بہتر بنانا چاہی، سلپ میں مشکل کیچز لینے کی خاص طور پر پریکٹس کرائی گئی، نیٹ میں بیٹسمین اسپنرز کی گھومتی گیندوں پر اپنی تکنیک بہتر بنانے کیلیے کام کرتے رہے، عثمان صلاح الدین اور اسد شفیق نے طویل سیشن کیا، پاکستانی کرکٹرز ٹریلونی اسٹیڈیم میں ہفتے کو شروع ہونے والے سہ روزہ پریکٹس میچ میں ویسٹ انڈیز پریذیڈنٹ الیون کیخلاف ایکشن میں نظر آئیں گے۔

ادھر اولیویا گرینج کے وزیر اسپورٹس علی میکنیب کا کہنا ہے کہ ٹریولی اسٹیڈیم میں پریکٹس کے لیے انٹرنیشنل ٹیموں کی میزبانی سے سیاحت کو فروغ دینے کے مواقع میں بھی اضافہ کرسکتے ہیں، یاد رہے کہ 3میچز پرمشتمل سیریزکا پہلا ٹیسٹ 21اپریل سے جمیکا میں شروع ہوگا۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹیم ویسٹ انڈیزکی سرزمین پرآج تک طویل فارمیٹ میں کوئی سیریزنہیں جیت سکی، گزشتہ 7 میں سے4 سیریز میں میزبان ٹیم فاتح رہی جبکہ 3ڈرا ہوئیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں