جولائی تا مارچ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری1 ارب 60 کروڑ ڈالر سے تجاوز

آؤٹ فلو کاعمل سست پڑگیا،ایف ڈی آئی 9ماہ میں 12.4فیصدبڑھی،پورٹ فولیو انویسٹمنٹ سے 36 کروڑ نکال لیے گئے۔

مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری116فیصداضافے سے 2.23ارب، مارچ میں27.78کروڑ ڈالر کی انویسٹمنٹ ہوئی،اسٹیٹ بینک۔ فوٹو فائل

پاکستان میں رواں مالی سال کے پہلے 9ماہ (جولائی 2016 تا مارچ 2017 کے دوران) براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 12.4فیصد اضافہ ہوا ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 9ماہ کے دوران کی جانے والی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت 1ارب 60کروڑ 16لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران1 ارب 42کروڑ 52لاکھ ڈالر کی غیرملکی سرمایہ کاری کی گئی تھی، رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی آمد(انفلوز) کے ساتھ انخلا میں بھی کمی ہوئی ہے۔


گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں انفلوز کی مالیت پر 2ارب 11کروڑ 44لاکھ ڈالر تھی جو رواں مالی سال کے دوران کم ہوکر 1ارب 88کروڑ 99لاکھ ڈالر رہی، اسی طرح آؤٹ فلوز کی مالیت 68کروڑ 92لاکھ ڈالر کے مقابلے میں58.2فیصد کی نمایاں کمی سے 28کروڑ 84 لاکھ ڈالر رہی، مجموعی غیرملکی نجی سرمایہ کاری گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 15.3فیصد اضافے سے ایک ارب 23کروڑ 99لاکھ ڈالر رہی، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں غیرملکی نجی سرمایہ کاری کی مالیت 1ارب 7کروڑ 52لاکھ ڈالر رہی تھی۔

علاوہ ازیں پورٹ فولیو سرمایہ کاری 3.3فیصد کمی کے ساتھ منفی 36کروڑ 16لاکھ ڈالر رہی، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران پورٹ فولیو سرمایہ کاری سے 35کروڑ ڈالر کا انخلاء ریکارڈ کیا گیا تھا۔ رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ کے دوران غیرملکی پبلک انویسٹمنٹ 99کروڑ 25لاکھ ڈالر رہی جو پورٹ فولیو (ڈیٹ سیکیوریٹی) میں انویسٹ کی گئی۔ مارچ 2017کے مہینے میں غیرملکی نجی سرمایہ کاری کی مالیت 28 کروڑ 87لاکھ ڈالر رہی، اس مہینے میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 29کروڑ 71 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی۔
Load Next Story