امریکی نائب صدر مائیک پنس نے شمالی کوریا کو دھمکی دیتے ہوئے کہاہے کہ شام اور افغانستان میں حالیہ امریکی بمباری پیانگ یانگ کیلیے ایک پیغام ہے.
مائیک پنس نے شمالی کوریا کو سخت انتباہ جاری کیا اورکہاکہ اگر کم جونگ ان کی حکومت جوہری خدشات کے عزائم سے باز نہیں آتی تو صدر ٹرمپ فوجی طاقت استعمال کریںگے، واشنگٹن جنوبی کوریا کی حفاظت کیلیے خط۔ے میں ''تھاڈ میزائل ڈیفنس سسٹم'' جلد لگا دے گا۔ امریکی نائب صدر نے جنوبی کوریا اور شمالی کوریا کے درمیان سرحد کا دورہ بھی کیا۔
دوسری جانب شمالی کوریا کے نائب وزیرخارجہ ہان سونگ ریول کا کہنا تھا کہ ہم ہفتہ وار، ماہانہ اور سالانہ بنیادوں پر اپنے تجربے جاری رکھیں گے، امریکا کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی اور بین الاقوامی مذمت کے باوجود شمالی کوریا اپنے میزائل تجربے جاری رکھے گا، اگر امریکا اس قدر غیرذمے داری کا ثبوت دیتا ہے کہ وہ فوجی کارروائی کرے تو اس کا نتیجہ مکمل جنگ ہوگا۔ خبر ایجنسی کے مطابق روس نے امریکاکو دھمکی دی ہے کہ وہ تنہا شمالی کوریا پر حملہ کرنے سے باز رہے۔
ماسکو میں روسی وزیرخارجہ نے کہاکہ امریکا نے بہت خطرناک راستہ چنا ہے۔ انھوں نے شمالی کوریا کی طرف سے کیے جانے والے میزائل ٹیسٹ کی بھی مذمت کی۔ امریکی حکومت نے شمالی کوریا پر مزید سخت اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ امریکا شمالی کوریا کے ساتھ کاروبار کرنے والے چینی بینکوں کے ساتھ بھی سخت رویہ اختیار کرنے پر غور کررہاہے۔ ایک اعلیٰ امریکی عہدے دارنے بتایاکہ ممکنہ طور پر شمالی کوریا کو تیل کی ترسیل بند کی جاسکتی ہے۔