ہاکی پاکستان نے اسپین کا چین چھین لیا مقابلہ ڈرا

ریحان بٹ کے خوبصورت گول نے برتری دلائی،22 سیکنڈز میں مقابلہ برابرہوگیا


لندن: اولمپکس ہاکی ایونٹ میں اسپین کیخلاف گول کرنے پر پاکستانی کھلاڑی ریحان بٹ کا فاتحانہ انداز، دوسری تصویر میں پلیئرز خوشیاں منا رہے ہیں، مقابلہ 1-1 گول سے برابر رہا (فوٹو ایکسپریس)

لندن اولمپکس میں میڈل کی واحد پاکستانی امید ہاکی ٹیم نے ابتدائی میچ میں بڑی فتح کا خواب دیکھنے والی اسپینش سائیڈکا چین چھین لیا، مقابلہ1-1سے برابر رہا، پُراعتماد آغاز نے گرین شرٹس کے حوصلے بڑھا دیے.

گروپ اے کے میچ میں اسٹار فارورڈ ریحان بٹ نے46 ویں منٹ میں خوبصورت گول کرکے پاکستان کو برتری دلائی تاہم22 سیکنڈز بعد ہی کومیدا نے گیند جال میں پہنچا کر مقابلہ برابر کردیا، پاکستان کو2اور اسپین کو4 پنالٹی کارنرز ملے لیکن تمام ضائع کیے۔

تفصیلات کے مطابق پہلے ہاف میں مقابلہ بغیر اسکور کے برابر رہا البتہ اسپینش سائیڈ نے شارٹ پاسز کے ذریعے کھیل پر کنٹرول رکھا،32 ویں منٹ میں حسیم خان نے انفرادی کوشش کی تاہم ان کی ریورس ہٹ پرگول کیپر نے گیند کو روک لیا، سہیل عباس کو بھی پنالٹی کارنر پر گول کرنے کا موقع ملا تاہم حریف گول کیپر فرانسسکو نے گیند کو ہاتھ سے روک کر کوشش ناکامی بنا دی، انھوں نے اس سے قبل بھی بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے عرفان کی کوشش کو ناکام بنایا تھا۔

اسٹیڈیم میں موجود شائقین کی بہت بڑی تعداد میں سے بیشتر اسپینش ٹیم کے مداح تھے، پی او اے کے صدر جنرل عارف حسن، چیف ڈی مشن عاقل شاہ نے گرین شرٹس کی حوصلہ افزائی کی۔ دوسرے ہاف کے 46 ویں منٹ میں ریحان بٹ نے گول کرکے پاکستان کو برتری دلا دی تاہم چند سیکنڈز کے اندر جوابی حملے میں گول کیپر عمران شاہ اسپینش حملے کو نہ روک سکے.

مقابلہ برابر ہونے کے بعد دوسرے حملے میں پاکستان کے خلاف پنالٹی کارنر ہوا تاہم گول ہونے پر پاکستانی کھلاڑیوں کے احتجاج کے بعد کپتان سہیل عباس نے فیصلے کیخلاف ویڈیو ریویو لیا، حکمت عملی کامیاب رہی اور امپائرکو فیصلہ واپس لینا پڑا۔ اسپین نے پاکستان کی دفاعی لائن پر دبائو بڑھا دیا تاہم گول کیپر عمران شاہ سمیت دفاعی کھلاڑیوں نے حملے ناکام بنا دیے۔

کھیل ختم ہونے سے4 منٹ قبل اسپین کے حق میں ریفری نے کارنر دیا اس کی ہٹ پر پاکستان نے ریویو طلب کیا، وڈیو ریویو پاکستان کے حق میں آیا جس پر ریفری کو فیصلہ بدلنا پڑا، یوں مقابلے کا اختتام1-1 سے برابری پر ہوا۔

بعد ازاں کوچ خواجہ محمد جنید نے نمائندہ ''ایکسپریس'' سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے آغاز اچھا کیا اور حکمت عملی کامیاب رہی،اگرچہ میچ ڈرا ہوگیا تاہم اس سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا، ہم اگلے میچ میں مزید بہتر کھیل پیش کریں گے،انھوں نے کہا کہ وارم اپ میچ میں بیلجیئم اور ہالینڈ سے ناکامی کے بعد اسپین جیسی مضبوط ٹیم سے میچ ڈرا کرنا ہی کامیابی ہے، ہم ہر میچ کے لیے الگ حکمت عملی تیار کرتے ہیں۔

ایک سوال پر خواجہ جنید نے کہا کہ وڈیو ریویو میں ہماری دونوں اپیلیز درست ثابت ہوئیں، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہم ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے میں کامیاب رہے۔ دریں اثنا لندن اولمپکس سے قبل پاکستانی ٹیم مینجمنٹ میں اختلافات اور اختر رسول کے عہدے چھوڑنے کی خبریں سامنے آئی تھیں جو پہلے میچ میں درست ثابت ہوگئیں،ہیڈ کوچ اختر رسول آفیشل ڈریس کے بجائے میچ میں فل سوٹ پہن کرآئے جبکہ کوچنگ کے فرائض خواجہ جنید انجام دے رہے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں