بغیر ویزا پاکستان آنے والے غیر ملکیوں کو گرفتار کرکے مقدمہ چلانے کا فیصلہ

وزیر داخلہ کی زیرصدارت اجلاس میں قانونی تقاضے پورے کیے بغیر پاکستان آنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا


ویب ڈیسک April 18, 2017
وزیر داخلہ کی زیرصدارت اجلاس میں قانونی تقاضے پورے کیے بغیر پاکستان آنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا، فوٹو؛ پی آئی ڈی

ISLAMABAD: وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار کی زیرصدارت اجلاس میں بغیر ویزا پاکستان آنے والے غیر ملکیوں کو گرفتار کرکے ان پر مقدمہ چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں سیکریٹری داخلہ، ایڈووکیٹ جنرل، آئی جی پولیس، چیف کمشنر آئی سی ٹی اور وزارت داخلہ و ایوی ایشن ڈویژن کے اعلیٰ عہدے دار شریک ہوئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایئرپورٹس پر لینڈنگ پرمٹس، ویزہ اور امیگریشن کے عمل سے گزرے بغیر ملک میں داخل ہونے والے غیرملکیوں کو گرفتار کرکے ان پر مقدمہ چلایا جائے گا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: لاہور سے بغیر سفری دستاویزات پاکستان آنے والا بھارتی نوجوان گرفتار

وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار نے حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کسی طیارے کو وزارت داخلہ کی کلیئرنس کے بغیر لینڈنگ اور امیگریشن مکمل کیے بغیرکسی کو پاکستان میں داخلے کی اجازت نہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایوی ایشن ڈپارٹمنٹ اور ایف آئی اے طیارے میں موجود افراد کی تعداد، ان کی شہریت اور ویزے کی نوعیت معلوم کرنے کے بعد ہی طیارے کولینڈ کرنے کی اجازت دے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: بغیرویزا مسافر پاکستان لانے پر ایئر لائنزکو75 لاکھ جرمانہ

چوہدری نثار نے کہا کہ بغیر مؤثر ویزا آنے والے غیرملکیوں کو گرفتار بھی کیا جاسکتا ہے اور اب اگر کوئی غیر ملکی شخص بغیر ویزہ اور امیگریشن کے عمل سے گزرے بغیر پاکستان میں داخل ہوا تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ خلیجی ممالک سے شکار پر آنے والے وفود کے لینڈنگ مقامات اور ایئرپورٹس کی نشاندہی وزارت داخلہ کو کی جائے، وزارت داخلہ، ایف آئی اے اور سول ایوی ایشن قانون کی خلاف ورزی کو روکنے کے لیے مؤثر نظام نافذ کریں جب کہ امیگریشن ڈپارٹمنٹ، وزارت داخلہ اور ایوی ایشن ڈویژن کے درمیان معلومات کے تبادلے کا مضبوط مکینزم بنایا جائے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے یہ تمام عمل ایک ہفتے کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں