شہرکی خوبصورتی کا دارومدار صفائی اور ماحول کی بہتری پر ہے

کچرے سے بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ کراچی کیلیے اہم سنگ میل ثابت ہوگا، گورنر


Staff Reporter January 19, 2013
گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی کی خوبصورتی کا دارومدار شہر کی صفائی اور ماحول کی بہتری پر ہے لیکن شہر میں کچرے کی صفائی ایک مسئلہ ہے۔ فوٹو: فائل

گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان نے کہا ہے کہ کچرے سے بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ کراچی کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

اس کے شہر میں کثیر الجہتی فوائد ہوں گے ساتھ ہی اس منصوبے کے باعث ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں مدد بھی ملے گی، انھوں نے کہا کہ اس منصوبے سے پیدا ہونے والی توانائی سمندری پانی کو میٹھا بنانے میں مدد گار ہوگی جس سے پورٹ قاسم اتھارٹی صنعتی علاقوں میں پانی کی ضروریات کو پورا کیا جاسکے گا، یہ بات انھوں نے گورنر ہائوس میں ویسٹ انرجی مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، تقریب میں برطانیہ کے ڈپٹی ہائی کمشنر السٹر کیمبیل، پرنسپل سیکریٹری ڈاکٹر نوشاد شیخ ، ایڈمنسٹریٹر کراچی محمد حسین سید ، ایم ڈی واٹر بورڈ مصباح الدین فرید ، کک کمپنی کے سرابراہ مسٹر کک اور چیئر مین پورٹ قاسم اتھارٹی سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔



گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی کی خوبصورتی کا دارومدار شہر کی صفائی اور ماحول کی بہتری پر ہے لیکن شہر میں کچرے کی صفائی ایک مسئلہ ہے جسے سائنسی بنیادوں پر منظم طریقے سے ٹھکانے لگانے کی ضرورت ہے، انھوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ اس منصوبے سے فوری توانائی کا حصول ممکن ہوسکے گا جس سے پورٹ قاسم اتھارٹی کے صنعتی علاقے میں قائم ڈی سیلینشن پلانٹ کو بجلی کی فراہمی تسلسل سے جاری رہے گی جو اس پلانٹ کی ڈیمانڈ رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں