قومی ہاکی ٹیم اذلان شاہ کپ میں شرکت کرے گی

مارچ میں انعقاد، ایونٹ کے لیے پلیئرز بلیو ٹرف پر مطلوبہ پریکٹس کریں گے، کوچ


Sports Desk January 19, 2013
ہمیں یقین ہے کہ ٹیم اذلان شاہ کپ میں شرکت سے قبل تمام شعبوں میں مکمل مہارت حاصل کرلے گی، کوچ فوٹو: فائل

قومی ہاکی ٹیم مارچ میں ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں اذلان شاہ کپ میں شرکت کرے گی، منیجر و چیف کوچ اختر رسول کے مطابق ایونٹ کیلیے پلیئرز بلیو ٹرف پر مطلوبہ پریکٹس کریں گے۔

ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ جلد ہی ہم نئی بلیو ٹرف پر ٹریننگ شروع کردیں گے،ہمیں یقین ہے کہ ٹیم اذلان شاہ کپ میں شرکت سے قبل تمام شعبوں میں مکمل مہارت حاصل کرلے گی۔ سابق پاکستانی کپتان نے کہا کہ 2013 ملکی ہاکی کے لیے بہت اہم ہے،ٹیم آئندہ سال جون میں ہالینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ میں حصہ لے گی جس کیلیے ابھی سے تیاریاں شروع کرنی ہیں، انھوں نے کہا کہ ہم رواں برس کئی بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں حصہ لے رہے ہیں،اس سے میگا ایونٹ کیلیے ٹیم کی تیاری اور ٹریننگ پروگرام کو فائدہ پہنچے گا۔

اختر رسول نے مزید کہا کہ اذلان شاہ کپ کے بعد ٹیم جون میں ورلڈ لیگ میں حصہ لے گی، ایونٹ کا میزبان ہالینڈ ہو گا،اذلان شاہ اور ورلڈ لیگ میں دنیا کی ممتاز ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں،ان دونوں مقابلوں میں حصہ لینے سے کھلاڑیوں کے تجربے میں اضافہ ہوگا۔ سابق اولمپئن نے کہا کہ گزشتہ سال ایشین چیمپئنز ٹرافی جیتنے سے پاکستانی ٹیم میں اعتماد ہوا اور اب یہ ضروری ہے کہ ہم سخت محنت اور کوششوں سے اپنی ان کامیابیوں کو جاری رکھیں۔



انھوں نے کہا کہ منیجر اور کوچ ہونے کے ناطے مجھ پر بہت ذمہ داریاں ہیں، ہم نہ صرف ٹیم تیار بلکہ پلیئرز کا انتخاب بھی کررہے ہیں جس نے کام کو زیادہ مشکل اور چیلنجنگ بنا دیا۔ انھوں نے کہا کہ لاہور کے نیشنل اسٹیڈیم میں بلیو ٹرف لگنے سے پاکستان ہاکی میں مزید ترقی ہوگی،دنیا بھر میں اہم مقابلے اسی ٹرف پر کھیلے جارہے ہیں۔ اختر رسول نے کہاکہ ہم پنجاب حکومت خصوصاً وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کے شکر گزار ہیں جنھوں نے بلیو ٹرف لگانے میں مدد کی۔

انھوں نے کہا کہ کھیلوں میں سیاست شامل نہیں ہونی چاہیے،کھیل کے اصل معیار کو برقرار رکھنے کے لیے کوششیں کی جائیں گی، ہندو انتہا پسند جماعت شیوسینا کے کارکنوں کی طرف سے احتجاج افسوسناک تھا جس نے ہاکی انڈیا لیگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت کو نقصان پہنچایا۔انھوں نے بھارتی ہاکی حکام پرزور دیا کہ وہ ایسے اقدامات اٹھائیں جن سے مستقبل میں اس قسم کے واقعات رونما نہ ہوسکیں، ورنہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان ہاکی تعلقات پر بُرااثر پڑے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں