آسٹریلین اوپن ٹینس ماریا نے وینس کو گھر واپسی کی راہ دکھا دی

لینا، اگنیسکا ریڈوانسکا، اینا ایوانووک اور اینجلیک کیربرکی پیشقدمی جاری رہی، مینز میں جوکووک کی چوتھے رائونڈ میں رسائی


Sports Desk/AFP January 19, 2013
ماریا شراپووا نے تجربہ کار امریکی حریف وینس ولیمز کو6-1،6-3 سے مات دے دی۔ فوٹو : اے ایف پی

آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں ماریا شراپووا نے امریکی اسٹار وینس ولیمز کوگھر واپسی کی راہ دکھا دی۔

چینی پلیئر لینا ، اگنیسکا ریڈوانسکا، اینا ایوانووک اور اینجلیک کیربر کی پیشقدمی جاری رہی، مینز سنگلز میں دفاعی چیمپئن نووک جوکووک نے چوتھے رائونڈ میں رسائی حاصل کر لی،کائی نیشکوری اور جانکو تیپسرووچ نے جیت کی روش برقرار رکھی تاہم فرنانڈو ورڈاسکو کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق سیزن کے پہلے گرینڈ سلم آسٹریلین اوپن میں جمعے کو ویمنز سنگلز کے تیسرے رائونڈ مقابلوں میں روسی ساحرہ ماریا شراپووا نے تجربہ کار امریکی حریف وینس ولیمز کو6-1،6-3 سے مات دے دی۔

4 سیڈ پولش پلیئر اگنیسکا ریڈوانسکا نے برطانیہ کی ہیتھر واٹسن کو 6-3،6-1 سے قابو کرلیا، 5 سیڈ جرمنی کی اینجلیک کیربر نے امریکی حریف میڈیسون کیز کو 6-2،7-5 سے زیر کیا، 6 سیڈ چینی پلیئر لینا نے بھی پیشقدمی جاری رکھتے ہوئے سورانا کرسٹیا کو 6-4،6-1 سے ٹھکانے لگادیا، دوسرے رائونڈ میں ہوم فیورٹ سمانتھا اسٹوسر کو شکست دینے والی چینی کھلاڑی ژینگ ژی کا قصہ جرمن پلیئر جولیا گوریجس کے ہاتھوں تمام ہوگیا۔

 



اینا ایوانووک نے ہموطن جیلینا جینکووچ کو 7-5،6-3 جبکہ ایکٹرینا ماکارووا نے ماریون بارٹولی کو 6-7(4/7)،6-3 اور 6-4 سے زیر کرلیا۔مینز سنگلز میں ٹاپ سیڈ اور دفاعی چیمپئن نووک جوکووک نے جمہوریہ چیک کے راڈک اسٹیپنک کو6-4،6-3 اور7-5 سے ہرادیا، سرب اسٹار نے اس مقابلے میں کوئی سروس ڈراپ نہیں کی۔

فرنانڈو ورڈاسکو کو جنوبی افریقہ کے کیون اینڈرسن نے پانچ سیٹ کے بھرپور مقابلے میں 4-6، 6-3، 4-6، 7-6(7/4)،6-2 سے ٹھکانے لگایا، سربیا کے جانکو تیپسرووچ نے فرانسیسی پلیئرجولین بینیٹو کو 3-6، 6-4، 2-6،6-4،6-3 سے قابو کیا، جاپانی کھلاڑی کائی نیشکوری نے روسی حریف ایوگینے ڈونسکوئے کو 7-6(7/3)، 6-2،6-3 سے مات دی، اسٹینسلس واورنیکا نے سام کیورے کو 7-6(8/6)،7-5 اور 6-4 سے زیر کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں