ملک میں زائد المیعاد درآمدی ادویہ کی کلیئرنس کا انکشاف

چین سے منگوائی گئی کھیپ میں56 کلوجیلاٹن کیپسول زائد المیعاد تھے

پی آئی سی ٹی کسٹمزعملے نے نشاندہی بھی کی،ایسسمنٹ گروپ آفیسرنے نہیں روکا،انٹیلی جنس نے خفیہ اطلاع پرجانچ میں پکڑلیا،ذرائع فوٹو:فائل

ملک میں زائد المیعاد درآمدی ادویہ کی کلیئرنس کا انکشاف ہوا ہے جو منظم گروہ کی جانب سے پاکستان کسٹمزاپریزمنٹ ایسٹ کلکٹریٹ سے کرائی گئی۔

ذرائع نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ میسرزالحیات انٹرپرائززنے چین سے جیلاٹین نامی کیپسول کا 2500 کلوگرام وزنی کنسائمنٹ درآمدکیا تھا جس میں 56 کلوگرام جیلاٹین کیپسول زائد المیعاد تھے، مذکورہ درآمدکنندہ کمپنی نے کسٹمز کلیئرنگ ایجنٹ برج کمپنی کی باہمی ملی بھگت سے مذکورہ کنسائمنٹ میں موجود 56 کلوگرام زائد المیعادکیپسول کی کلیئرنس کسٹمزحکام کوچکمادے کر حاصل کی اوریہ چکما متعلقہ کلیئرنگ ایجنٹ نے جیلاٹین کیپسول کے 7 کارٹن پر چسپاں اسٹکر ہٹاکردیا جس پر جیلاٹین کیپسول کی میعاد ختم ہونے کی تاریخ درج تھی۔


ذرائع نے بتایا کہ ڈائریکٹوریٹ کسٹمزانٹیلی جنس اینڈانویسٹی گیشن کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ پاکستان کسٹمز اپریزمنٹ ایسٹ کلکٹریٹ سے زائدالمیعاد جیلاٹین کیپسول کی کلیئرنس کی کوشش کی جارہی ہے جس پر ڈائریکٹوریٹ نے مذکورہ درآمدکنندہ کی جانب سے درآمدہ کنسائمنٹ کی کڑی نگرانی شروع کردی، پاکستان انٹرنیشنل کنٹینرزٹرمینل پرتعینات کسٹمزافسران نے جیلاٹین کیپسول کے کنسائمنٹ کی ایگزامینشن رپورٹ میں واضح طورپر 2500 کلو گرام میں سے 56 کلوگرام زائد المیعادکیپسول کی نشاندہی بھی کی لیکن ایسسمنٹ گروپ میں تعینات کسٹمزآفیسرنے کنسائمنٹ کو کلیئرکرنے کے احکام جاری کردیے تاہم کسٹمزانٹیلی جنس نے کنسائمنٹ پی آئی سی ٹی کے گیٹ پر روک کر اس کی دوبارہ جانچ پڑتال کی تویہ حقیقت سامنے آئی کہ جیلاٹین کیپسول کے 2500 کلوگرام وزنی کنسائمنٹ میں سے 56 کلو گرام کیپسول کے خول زائدالمیعاد ہیں جس پرکسٹمزانٹیلی جنس نے کنسائمنٹ ضبط کرتے ہوئے کنٹراونشن رپوٹ متعلقہ کسٹمزایڈجیوڈکیشن کلکٹریٹ کو ارسال کردی۔

اس ضمن میں پاکستان انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل میںتعینات ایڈیشنل کلکٹرمتین سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایاکہ کلیئر کیے جانے والے جیلاٹین کیپسول خول کی ایگزامینشن رپورٹ میں واضح طور پر 56 کلو گرام جیلاٹین کیپسول خول کو زائد المیعاد ظاہرکیاگیاہے۔ اس سلسلے میں کلکٹر کسٹمز اشہدجوادنے رابطہ کرنے پربتایاکہ کسٹمزانٹیلی جنس کی جانب سے پکڑے جانے والے کیپسول زائد المیعادنہیں ہے بلکہ چین سے جیلاٹین کیپسول کے خول پرانے ڈبوں میں رکھ کربھیجے گئے ہیں جس سے غلط فہمی پیداہوئی اورکسٹمزانٹیلی جنس نے کنسائمنٹ کو روک لیاہے۔

یہاں یہ امرقبل ذکرہے کہ ایڈیشنل کلکٹرکا کہنا ہے کہ زائد المیعاد کیپسول کو رپورٹ میں ظاہرکیاگیاتھاجبکہ کلکٹر اپریزمنٹ ایسٹ کا کہناہے کہ جیلاٹین کیپسول کے خول زائد المیعاد نہیں ہیں۔ ٹریڈ سیکٹر کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ زائدالمیعاد ادویہ درآمدکرنے والے اوراس زائدالمیعاد ادویہ کی کلیئرنس میں تعاون کرنے والے کسٹمزکلیئرنس ایجنٹ کالائسنس فوری طورپرمنسوخ کیاجائے جبکہ درآمدکنندہ پرادویہ سمیت ہرقسم کی درآمدی سرگرمیوں کی پابندی عائد کی جائے کیونکہ ایسے عناصر معمولی نوعیت کے مالی فوائد کی خاطرقیمتی انسانی جانوں کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔
Load Next Story