چیف جسٹس نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر خواتین پر تشدد کا ازخود نوٹس لے لیا

چیف جسٹس نے سیكریٹری داخلہ اور سیكریٹری سول ایوی ایشن سے تین روز رپورٹ طلب كرلی


ویب ڈیسک April 19, 2017
خواتین مسافروں پر تشدد کرنے والی ایف آئی اے اہلکار کو بھی معطل کردیا گیا۔ فوٹو: فائل

چیف جسٹس آف پاكستان جسٹس ثاقب نثار نے اسلام آباد ائیرپورٹ پر ایف آئی اے حكام كی طرف سے پاكستانی نژاد نارویجیئن خواتین پر تشدد كے واقعے كا ازخود نوٹس لے لیا۔

چیف جسٹس نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایف آئی اے حکام کی جانب سے خواتین کو تشدد کا نشانہ بنانے کی ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی خبروں پر ازخود نوٹس لیا ہے جب کہ چیف جسٹس نے سیكریٹری داخلہ اور سیكریٹری سول ایوی ایشن سے تین روز رپورٹ طلب كرلی ہے۔

دوسری جانب وزیر داخلہ چوہدری نثار نے ایئرپورٹ پر خواتین مسافروں پر تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی انکوائری میں تاخیر پر ایف آئی اے اہلکاروں کی سرزنش کی اور ایئرپورٹ پر تعینات ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے سے جواب طلب کرتے ہوئے وقوعہ پر موجود شفٹ انچارج کو معطل کردیا۔ شفٹ انچارج کی معطلی کا فیصلہ وزارت داخلہ کو موصول شواہد کی روشنی میں کیا گیا جب کہ وزیر داخلہ نے جلد از جلد انکوائری رپورٹ طلب کر لی ہے۔

بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ناروے جانے والی 2 خواتین مسافروں پر تشدد کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون نے تشدد کے الزام میں خاتون کانسٹیبل غزالہ شاہین کو کو معطل کر دیا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل اسلام آباد ایئر پورٹ پر ناروے جانے والی 2 خواتین مسافروں کی انٹرنیشل لاؤئج کے امیگریشن کاؤنٹر پر تعینات خاتون اہلکار غزالہ شاہین کی کسی بات پر تلخ کلامی ہوئی جس پر خاتون اہلکار نے دونوں خواتین کو تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر بعد ازاں ان کے پاسپورٹ ضبط کرکے زبردستی صلح نامے پر دستخط کر وا کے خواتین کو جانے کی اجازت دی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں