دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ناگزیر ہے
آپریشن ضرب عضب اور آپریشن ردالفساد پاکستان کی دہشت گردوں کے خلاف کاوشوں کا منہ بولتا ثبوت ہے
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ہے، دہشت گردوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کررہے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے گزشتہ روز جنرل باجوہ اور امریکی مشیر قومی سلامتی میک ماسٹر کی ملاقات کے حوالے سے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ امریکی مشیر سلامتی کو خطے اور عالمی دنیا میں امن و استحکام اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار پر بریفنگ دی گئی ہے، اس امر کو اجاگر کیا گیا کہ پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کاوش کسی امتیاز کے بغیر دہشت گردوں کے خلاف مرکوز ہے۔
اس امر میں کوئی کلام نہیں کہ دہشت گرد آج ہر ریاست کے لیے سب سے بڑا خطرہ بن گئے ہیں، دنیا کا کوئی بھی خطہ ان شرپسند عناصر کی پہنچ سے دور نہیں، دہشت گرد نہ صرف ٹیکنالوجی اور جدید ہتھیاروں سے لیس ہیں بلکہ خاص نظریات کے پروردہ کند ذہن انسانی کٹھ پتلیاں ان دہشت گردوں کے مذموم مقاصد کے تکمیل کے لیے سرگرم عمل ہیں جو نہ صرف معصوم انسانوں پر حملہ آور ہیں بلکہ خودکش دھماکوں میں انسانیت کے ساتھ خود کو بھی فنا کرسکتے ہیں، یہ حقیقت ہے کہ متشددانہ نظریات کے حامل ان ہرکاروں کو پکڑنا کارِ محال ہے لیکن پاکستان گزشتہ دہائی سے دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں فرنٹ لائن اسٹیٹ کا کردار ادا کررہا ہے، پاکستان نے اس جنگ میں بے پناہ جانی و مالی نقصان اٹھایا ہے لیکن پھر بھی دنیا سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے استقامت کے ساتھ ڈٹا ہوا ہے، پاکستان کو خود اندرونی و بیرونی طور پر دہشت گردی کا سامنا ہے۔
پاکستان ہر قسم کی پراکسیز کو مسترد کرتا ہے، لیکن کچھ عاقبت نااندیش ریاستیں اپنے ذاتی مفادات کے لیے ان دہشت گرد عناصر کے ہاتھ مضبوط کرنے میں مصروف عمل اور دیگر ریاستوں کے اندرونی معاملات خراب کرنے میں پیش پیش ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان اور پاک فوج کے کردار کو امریکی مشیر سلامتی نے بھی سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کا کردار مثالی ہے، انھوں نے یقین دہانی کرائی کہ امریکا خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔ جنرل باجوہ نے اس عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بلاتفریق دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کررہا ہے اور ہم اپنی سرزمین کسی بھی ملک یا ریاست کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔ آپریشن ضرب عضب اور آپریشن ردالفساد پاکستان کی دہشت گردوں کے خلاف کاوشوں کا منہ بولتا ثبوت ہے جس کی دنیا بھی معترف ہے۔ لیکن اب وقت آگیا ہے کہ دنیا سے دہشت گرد عناصر کا مکمل خاتمہ کیا جائے، اس لیے تمام ریاستوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔