ہماری جدوجہد كے باعث كرپٹ ’’اسٹیٹس كو‘‘ لرز رہا ہے عمران خان

پاناما کیس كا اثر پورے پاكستان پر مرتب ہو گا اور اس کا فیصلہ ملکی سیاست بدل كر ركھ دے گا، چیرمین پی ٹی آئی


ویب ڈیسک April 19, 2017
پاناما کیس كا اثر پورے پاكستان پر مرتب ہو گا اور اس کا فیصلہ ملکی سیاست بدل كر ركھ دے گا، چیرمین پی ٹی آئی، فوٹو؛ فائل

ISLAMABAD: پاكستان تحریك انصاف كے سربراہ عمران خان کا کہنا ہےکہ پاناما کیس كا اثر پورے پاكستان پر مرتب ہو گا اور اس کا فیصلہ پاكستان كی سیاست بدل كر ركھ دے گا جب کہ ہماری جدوجہد كے باعث كرپٹ اسٹیٹس كو لرز رہا ہے۔

اسلام آباد میں عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ میں چیرمین پی ٹی آئی کی زیرصدارت پارٹی کی کورکمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں پارٹی کے اہم رہنماؤں نے شرکت کی جب کہ اجلاس میں پاناما کیس کے فیصلے اور بعد کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاناما کیس كا اثر پورے پاكستان پر مرتب ہو گا اور اس کا فیصلہ پاكستان كی سیاست بدل كر ركھ دے گا، آج ہماری جدوجہد كے باعث كرپٹ اسٹیٹس كو لرز رہا ہے اور پورا ملك پاناما فیصلے كا شدت سے منتظر ہے۔ انہوں نے کہا میں سمجھتا ہوں کہ پاناما میں تحریك انصاف نے تاریخی جدوجہد كی ہے اور آج اس مقام پر پہنچ كر میں اپنے ہر كاركن كو خراج تحسین پیش كرتا ہوں، پاكستان كا مستقبل آج تحریك انصاف كی راہ تك رہا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ كرپشن آج حقیقت میں پاكستان كا سب سے بڑا ایشو بن چكا ہے، قوم جان چكی ہے كہ پاكستان میں مسائل كی سب سے بنیادی وجہ كرپشن ہے، قوم پاناما پر بحث و تمحیص سے اس كی نوعیت كو سمجھ چكی ہے لہٰذا اس فیصلے كے بعد كے پاكستان اور آج كے پاكستان میں بہت فرق ہوگا۔

چیرمین پی ٹی آئی نے ملك بھرمیں بجلی كی طویل بندش پر گہری تشویش كا اظہار كرتے ہوئے كہا كہ نیلم جہلم منصوبے میں تاخیر، نندی پور اور گڈانی پاور پاك جیسے ناكام منصوبے حكومتی نااہلی كا منہ بولتا ثبوت ہیں، نواز شریف كے حكومت میں آنے سے قبل بجلی كا شارٹ فال3 ہزار میگا واٹ تھا اور اب 4 سال بعد بجلی كی قلت 3 ہزار سے بڑھ كر 9 اور 10 ہزار میگا واٹ كی بلند ترین سطح كو چھو رہی ہے جب کہ 4 سال تك شریف خاندان كی تصویروں سے بھرے ہوئے اشتہارات چلا چلا كر بجلی بحران كے خاتمے كے اعلان كیے جاتے رہے لیکن 4 سال بعد حالت یہ ہے كہ بجلی كی قلت 3 ہزار سے 9 ہزار میگا واٹ تك جا پہنچی اور ستم ظریفی كا عالم ہے كہ بجلی كہ وزیر بحران كی ذمہ داری موسم كی شدت پر ڈال رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں