علامات و کیفیات جنھیں نظرانداز کرنا عمر رسیدہ افراد کو بھاری پڑسکتا ہے

نوجوانی اور جوانی میں انسان بہ ظاہر بیماری کی کئی علامات کو نظراندازکردیتا ہے۔

نوجوانی اور جوانی میں انسان بہ ظاہر بیماری کی کئی علامات کو نظراندازکردیتا ہے۔ فوٹو : فائل

عمر میں اضافے کے ساتھ صحت کا خیال رکھنے کی ضرورت بڑھ جاتی ہے۔

بڑھاپے میں بیماریاں لاحق ہونے کے امکانات قوی ہوجاتے ہیں لہٰذا صحت کی جانب سے معمولی سی بے پروائی برتے جانے کے خطرناک نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔ نوجوانی اور جوانی میں انسان بہ ظاہر بیماری کی کئی علامات کو نظراندازکردیتا ہے۔ اس عمر میں جسم کا دفاعی نظام طاقت وَر ہوتا ہے، چناں چہ علاج معالجہ نہ کروانے کے باوجود انسان کئی امراض پر قابوپالیتا ہے۔ پیرانہ سالی میں جسم کے ساتھ ساتھ مناعتی نظام بھی کمزور پڑجاتا ہے، لہٰذا اچانک یا غیرمعمولی علامات ظاہر یا محسوس ہونے کی صورت میں فوراً ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے چاہے آپ ان علامات کو عام ہی کیوں نہ سمجھ رہے ہوں۔ ذیل کی سطور میں ان علامات و کیفیات کا ذکر کیا جارہا ہے جن کا احساس ہونے پر ڈاکٹر سے رجوع کرنے میں دیر نہیں کی جانی چاہیے۔

سانس پھولنا
بعض افراد کا سانس چند قدم چلتے ہی پھولنے لگتا ہے۔ کچھ لوگوں میں یہ دل کی شریان کے جزوی یا مکمل طور پر بند ہونے کی علامت ہوسکتی ہے۔ شریان کی بندش کے نتیجے میں دل کا دورہ پڑسکتا ہے۔ اگر آپ کو بھی کچھ دیر کی چہل قدمی کے بعد سانس لینے میں مشکل پیش آنے لگے تو ڈاکٹر سے ملاقات کا وقت لے لیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اگر سینے میں تکلیف یا جکڑن محسوس ہو اور چکر آنے لگیں تو پھر فوری طور پر اسپتال کا رُخ کریں۔

بولنے اور توازن برقرار رکھنے میں اچانک مشکل پیش آنا
اسٹروک کی علامات اگرچہ متعین نہیں ہیں تاہم درج بالا صورت حال پیش آنے پر بے پروائی نہیں کرنی چاہیے۔ چلتے ہوئے توازن برقرار رکھنے اور بات چیت کرتے ہوئے اچانک زبان میں لکنت آجانا اسٹروک کی ممکنہ علامات ہوسکتی ہیں۔ اس مرض کی دیگر علامات میں الفاظ کی صحیح تلفظ کے ساتھ ادائیگی میں دقت، بصارت کا دھندلاجانا، چہرے، بازوؤں یا ٹانگوں کا سُن ہوجانا شامل ہیں۔

قبض
قبض کو سیکڑوں امراض کی جڑ کہا جاتا ہے۔ پچاس برس کی عمر کے بعد بعض اوقات قبض کا ہوجانا ایک عام سی بات ہے۔ تاہم یہ اس بات کی علامت بھی ہوسکتی ہے کہ فضلے کے اخراج میں کوئی شے رکاوٹ بن رہی ہے۔ یہ رکاوٹ کوئی ٹیومر یا رسولی بھی ہوسکتی ہے۔ علاوہ ازیں قبض کی وجہ سے بواسیر لاحق ہونے کا خطرہ بھی موجود رہتا ہے۔


انقطاع حیض کے بعد جریان خون
یہ کینسر کی علامت بھی ہوسکتی ہے، لہٰذا ڈاکٹر سے رجوع کرنے میں دیر نہیں کرنی چاہیے۔

فضلے میں خون کی آمیزش یا سیاہ فضلہ
فضلے کا رنگ روزمرّہ کی خوراک اور کھائی جانے والی ادویہ کے اعتبار سے تبدیل ہوسکتا ہے۔ مثال کے طور پر آئرن سپلیمنٹس اور اسہال کے مرض میں دی جانے والی دواؤں کی وجہ سے فضلے کا رنگ سیاہ یا سیاہی مائل ہوسکتا ہے۔ لیکن اگر آپ نے یہ دوائیں نہیں کھائی ہیں تو پھر فضلے کا سیاہ رنگ یا خون کی آمیزش السر، بواسیر، بڑی آنت کے ورم وغیرہ کی علامت ہوسکتی ہے۔

جلدی زخم
جلدی سرطان عام طور پر کُھلے جسمانی حصوں سے شروع ہوتا ہے جیسے سَر، چہرہ، بازو، ہاتھ، گردن، سینہ اور ٹانگیں۔ تاہم کینسر کی یہ قسم عام طور پر پوشیدہ رہنے والے اعضا میں بھی پنپ سکتی ہے جیسے پاؤں کے ناخن یا پھر جنسی اعضا۔ نہ بھرنے والے جلدی زخم سرطان کی علامت ہوسکتے ہیں۔ جلد کا سرطان کالے، گورے سے قطع نظر کسی کو بھی لاحق ہوسکتا ہے۔ امریکا کے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کے مطابق اسکن کینسر زیادہ تر پچاس برس سے اوپر کی عمر والے افراد کو نشانہ بناتا ہے۔ لہٰذا عمررسیدہ افراد جلدی زخموں کو نظرانداز نہ کریں۔

ڈپریشن
معمر افراد خود بھی، اور ان کے اہل خانہ جسمانی عوارض پر توجہ دیتے ہیں اور جذباتی امراض یا کیفیات کو نظرانداز کردیتے ہیں۔ تنہائی اور احساس زیاں اکثراوقات عمررسیدہ افراد کو ڈپریشن میں مبتلا کردیتا ہے۔ خاص طور پر شریک حیات کی موت یا کسی نئے جسمانی مرض کے لاحق ہونے کی وجہ سے بزرگ جذباتی تغیر اور ڈپریشن کا شکار ہوسکتے ہیں۔ اداسی، بے چینی، اپنی بے وقعتی کا احساس، جسمانی اور ذہنی تھکن، سابقہ پسندیدہ سرگرمیوں میں عدم دل چسپی، عدم اشتہا، نیند میں کمی؛ یہ ڈپریشن کی علامات ہیں۔ ان میں سے کسی علامت کے محسوس ہونے کی صورت میں ڈاکٹر سے رجوع کیا جائے۔

ہذیانی کیفیت اور یادداشت کا متأثر ہونا
عمربڑھنے کے ساتھ حافظہ کمزور ہوجاتا ہے۔ یہ فطری عمل ہے تاہم یادداشت کا اچانک اور زیادہ کمزور ہوجانا یا ہذیانی کیفیت طاری ہونا کسی سنگین بیماری مثلاً پیشاب کی نالی کا انفیکشن، کسی دوا کا ری ایکشن، تھائی رائڈ غدود کے مسائل، جسم میں پانی کی کمی، دماغی رسولی، بافتیوں میں آکسیجن کی قلت اور دوسرے انفیکشنز کی علامات ہوسکتی ہیں۔ یہ تمام امراض اور کیفیات قابل علاج ہیں۔ تاہم تشویش ناک بات یہ ہے کہ درج بالا علامات الزائمر کی بھی ہوسکتی ہیں۔
Load Next Story