ملک بھرمیں بارشیں برفباری جاری سردی بڑھ گئی

یخ بستہ ہوائوں سے لوگ ٹھٹھرگئے، لاہور میں سارا دن برسات، بلتستان ڈویژن میں لینڈ سلائیڈنگ

یخ بستہ ہوائوں سے لوگ ٹھٹھرگئے، لاہور میں سارا دن برسات، بلتستان ڈویژن میں لینڈ سلائیڈنگ فوٹو: فائل

اسلام آباد،لاہورسمیت ملک کے مختلف حصوں میں بارش سے سردی کی شدت بڑھ گئی ہے۔

لاہور میںجمعے کو سارا دن وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی۔ محکمہ موسمیات نے پنجاب کے وسطی علاقوں اورکشمیر میںمزید بارش اوربالائی علاقوں میںبرفباری کی پیشگوئی کر دی۔ جمعے کو لاہور، گوجرانوالہ ،شیخوپورہ سمیت پنجاب کے کئی علاقوںکشمیر، بالائی خیبر پختوانخواہ، شمال مشرقی پنجاب اور بالائی سندھ میں چند مقامات پر بارش ہوئی۔ اسلام آباد کے بعض علاقوں میں ژالہ باری ہوئی۔ سکھر،حیدرآباد سمیت سندھ کے کئی علاقوں میں ہلکی بارش اورخنک ہواؤں سے سردی بڑھ گئی۔


بالائی علاقوں میں جمعہ کو بھی برفباری سے معمولات زندگی متاثر رہے۔ بلتستان ڈویژن کے بیشترعلاقوں میں جمعرات کی رات شروع ہونے والا برفباری کا سلسلہ جاری رہااور لوگ گھروں تک محدود رہے۔ لینڈ سلائیڈنگ سے گلگت ، اسکردو روڈ باغیچہ کے قریب ٹریفک کیلیے بند ہوگئی،مالاکنڈ ڈویژن میں سرد ہوائیں چلتی رہیں۔ ایبٹ آباد، گلیات،مانسہرہ سمیت ہزارہ ڈویژن کے بعض علاقوں میں بھی ہلکی بارش ہوئی۔بلوچستان کے میدانی علاقوں جعفرآباد ، نصیرآباد اور سبی میں بھی یخ بستہ ہواؤں سے لوگ ٹھٹھرگئے۔سندھ اور پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی سردی کی لہر برقرار رہی ۔



محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کو کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ اسلام آباد سمیت پنجاب، خیبر پختوانخواہ، سکھر، لاڑکانہ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش ہوسکتی ہے۔ آئندہ دو روز کے دوران مری، گلیات، مالا کنڈ، ہزارہ، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔ جمعے کو ملک میں سب سے کم درجہ حرارت قلات میں منفی 13 ، کوئٹہ منفی 11، سکردو منفی 5،مری منفی 3، اسلام آباد 3 اور کراچی میں 9 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ اسلام آباد، لاہور، ملتان اورپشاور میں4,4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
Load Next Story