پرویز رشید کا خورشید شاہ کی سالگرہ پر دلچسپ جملوں کا تبادلہ

شاہ صاحب ہزاروں سال جئیں اور ساری زندگی اپوزیشن لیڈر رہیں،پرویز رشید کی خورشید شاہ کو دعا

خورشیدشاہ کی سالگرہ ہر سال آتی ہے لیکن پانامہ آج ختم ہو جائے گا، پرویز رشید۔ فوٹو : ایکسپریس۔

خورشید شاہ آج اپنی 64 ویں سالگرہ منارہے ہیں جب کہ اس موقع پر پرویز رشید اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان پاناما کیس کے فیصلے سے متعلق دلچسپ جملوں کا بھی تبادلہ ہوا ہے۔

ملک میں جہاں ہر کوئی پاناما کیس کے فیصلے کا انتظار کررہا تھا وہیں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ آج اپنی سالگرہ منارہے ہیں اور حیران کن طور پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیراطلاعت پرویز رشید خورشید شاہ کی سالگرہ کا کیک لیکر پہنچے جہاں دونوں کے درمیان دلچسپ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔


کیک کاٹتے وقت خورشید شاہ نے دعا کی کہ اللہ کرے ملک میں امن و استحکام آئے۔ صحافی کی جانب سے سوال پر کہ آپ کی سالگرہ کے دن پاناما کا فیصلہ آ رہا ہے، کیا توقع رکھتے ہیں، جس پر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ میری سالگرہ اور پاناما الگ الگ باتیں ہیں۔

اسی دوران پرویز رشید نے کہا کہ خورشید شاہ کی سالگرہ ہر سال آتی ہے لیکن پاناما آج ختم ہوجائے گا، خورشید شاہ ہزاروں سال جئیں اور ساری زندگی اپوزیشن لیڈر رہیں، اس دوران یہ ہماری رہنمائی اور کان بھی کھینچتے رہیں جس پر خورشید شاہ بولے کہ یہ مجھے کسی اور کے آگے جھونک رہے ہیں۔
Load Next Story