جمیکا ٹیسٹ میں تاریخی اعزاز یونس خان کا منتظر

23رنز بناکر10ہزارکا سنگ میل عبور کرنے والے پہلے پاکستانی بن جائیں گے۔


Sports Reporter April 21, 2017
23رنز بناکر10ہزارکا سنگ میل عبور کرنے والے پہلے پاکستانی بن جائیں گے۔ فوٹو: فائل

جمیکا ٹیسٹ میں تاریخی اعزازیونس خان کا منتظر ہو گا، وہ 23 رنز بناکر 10 ہزار کا سنگ میل عبور کرنے والے پہلے پاکستانی بیٹسمین بن جائیں گے۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹیسٹ جمعے سے جمیکا میں شروع ہو گا،کیریئر میں کئی ریکارڈز پاش پاش کرنے والے یونس خان کو ایک اور سنگ میل عبور کرنے کا موقع ملے گا، اپنی آخری سیریز کھیلنے والے سینئر کرکٹر 9ہزار 977 رنز بنا کر ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے سب سے کامیاب بیٹسمین ہیں، مزید 23رنز بناکر وہ 10ہزار رنز مکمل کرنے کا اعزاز حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی بن جائیں گے۔

یونس خان نے 2000 میں سری لنکا کے خلاف ڈیبیو کیا اور پہلے ہی میچ میں تھری فیگر اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے، بعد ازاں دنیا کے مختلف میدانوں کی کنڈیشنز کے مطابق انھوں نے خود کو ڈھالتے ہوئے ٹیسٹ کھیلنے والے ہر ملک کے خلاف سنچری اسکور کی۔ اس میں انگلینڈ اور بھارت میں ڈبل سنچریاں بھی شامل ہیں، انھیں پاکستانی بیٹسمینوں میں سب سے بہتر 53.06 کی اوسط سے رنز اور سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

مرد بحران کی پہچان رکھنے والے یونس خان نے کئی مواقع پر بہترین کارکردگی کی بدولت ٹیم کو مشکل صورتحال سے نکالا، انھوں نے 34میں سے ریکارڈ 5 سنچریاں چوتھی اننگز میں بنائی ہیں۔ جب بھی کیریئر خطرات سے دوچار ہوا یونس نے شاندار کم بیک کیا، مستقل خراب فارم کے بعد 2005میں انھیں ڈراپ کرنے کی باتیں ہورہی تھیں کہ بنگلور میں بھارت کیخلاف 267 اور ناقابل شکست 84 رنز کی اننگز کھیل کر ناقدین کے منہ بند کر دیے۔

بحیثیت کپتان انھوں نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی2009 کی ٹرافی اٹھانے کا بھی اعزاز حاصل کیا، یونس خان کا کہنا ہے کہ میں ریٹائر ہونے کے بعد نوجوان کھلاڑیوں کیلیے رول ماڈل کے طور پر یاد رکھا جانا چاہتا ہوں،خواہش ہے کہ مجھے ایک ایسے بیٹسمین کے طور پر یاد رکھا جائے جو ہمیشہ ملک کیلیے کھیلا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں