مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کیخلاف طلباء کا احتجاج چھٹے روزبھی جاری
بھارتی حکومت کشمیری نوجوانوں کی خواہشوں کا احترام کرے، سید علی گیلانی
مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف کشمیری طلبا کا احتجاج چھٹے روز میں داخل ہو گیا ہے اور پوری وادی میں طلباء مظاہرے کر رہے ہیں۔
مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی تسلط کے خلاف نہتے کشمیریوں کی جدوجہد ہر گزرتے دن کے ساتھ تیزہوتی جا رہی ہے اور احتجاج کا دائرہ نوجوانوں سے بڑھ کر اسکول کالجز کے بچوں تک پھیل گیا ہے۔ قابض فوج کے ہاتھوں نوجوانوں کے قتل کے خلاف وادی میں طلبا کا احتجاج آج چھٹے روز بھی جاری ہے اور وادی کے چھوٹے بڑے شہروں میں طلباء کی جانب سے ریلیاں نکالی جا رہی ہیں جن میں کشمیری نوجوانوں کے علاوہ خواتین اور بزرگ کشمیری بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔
طلباء کے احتجاج کے باعث وادی میں کالج، یونیورسٹیوں اور اسکولوں میں تدریسی عمل معطل کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب چئیرمین آل پارٹیز حریت کانفرنس علی گیلانی نے بھارتی حکومت سے کشمیری نوجوانوں کی خواہشوں کا احترام کرنے کی اپیل کی ہے۔
واضح رہے کہ مقبوضہ وادی میں 9 اپریل کو ہونے والے ڈھونگ ریاستی انتخابات کے بعد سے پوری وادی کے عوام بھارت کے خلاف سراپا احتجاج ہیں جسے دبانے کے لئے قابض بھارتی فوج کی جانب سے طاقت کا بے رحمانہ استعمال کیا جارہا ہے جس کے نتیجے میں اب تک 10 نوجوان شہید جب کہ 100 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔