روشن راستہ

جانیے اپنے اہم سوالات کے بہتر جوابات۔

جانیے اپنے اہم سوالات کے بہتر جوابات۔ فوٹو : فائل

مراقبے کے اثرات
(گذشتہ سے پیوستہ)
-5 لباس کا جائزہ اور حسب ضرورت ردوبدل:
اچھا لباس انسان کی شخصیت کو چارچاند لگا دیتا ہے۔ خواتین تو لباس کے معاملے میں بہت ہی حساس ہوتی ہیں۔ خواتین کی منفرد نظر آنے کی خواہش کی سب سے زیادہ تکمیل ملبوسات کے ذریعہ ہی ہوتی ہے۔ بعض مرد بھی لباس کے معاملے میں اپنے شوق اور اعلیٰ ذوق کا اظہار کرتے ہیں۔

لباس انسان کے ذوق کا عکاس ہوتا ہے۔ لباس کسی حد تک انسان کے موڈ پر بھی اثرانداز ہوتا ہے۔

فطرت سے قربت یا دوری میں لباس کا بھی حصہ ہے۔ مراقبہ سے زیادہ فائدہ پانے کے لیے بہتر ہوگا کہ ہمارے ملبوسات میں کاٹن کا حصہ زیادہ ہو۔ گرمیوں میں مصنوعی ریشے سے تیارکردہ لباس کم سے کم اور سوتی کپڑے کے ملبوسات جب کہ سردیوں میں سوتی اور اونی ملبوسات استعمال کیے جائیں۔

اولاد ہوجائے
سوال: میری شادی کو چھے سال کا عرصہ ہوگیا ہے۔ اب تک اولاد کی نعمت سے محروم ہوں۔ میرے شوہر بہت خیال رکھنے والے ہیں لیکن سسرال والوں نے طعنے دے دے کر میرا جینا حرام کردیا ہے۔ میرا ڈاکٹری علاج چل رہا ہے برائے مہربانی کوئی روحانی علاج بتادیں۔
(فاخرہ: ملتان)
جواب: ڈاکٹر علاج کے ساتھ ساتھ ایک پاؤ کلونجی صاف کرکے نیلے رنگ کی صاف شیشی میں بھر کر رکھ لیں۔ بعد نماز عشاء 101 مرتبہ سورۂ علق کی ابتدائی دو آیات پڑھ کر شیشی کا ڈھکنا کھول کر کلونجی پر دم کردیں اور پھر ڈھکن بند کر دیں۔ صبح اُٹھ کر شیشی کو ایسی جگہ رکھیں، جہاں تین چار گھنٹے دھوپ رہتی ہو۔ سورج غروب ہونے کے بعد شیشی وہاں سے اُٹھالیں۔ رات کو پھر اُسی طرح ورد کرکے دم کریں اور صبح پھر شیشی کو دھوپ میں رکھ دیں۔ اس طرح چالیس دن تک ورد کرکے دم کرنا ہے اور چالیس دن دھوپ میں شیشی کو رکھنا ہے۔ 41 ویں دن سے صبح نہار منہ ایک چٹکی کلونجی سادے پانی سے کھالیں۔

شکی مزاج شوہر
سوال: میرے شوہر بے انتہا شکّی مزاج ہیں۔ ذرا سی بات کا بتنگڑ بنالیتے ہیں۔ مجھے مارنے پیٹنے سے بھی گریز نہیں کرتے۔ اکثر میرے سامنے دوسری عورتوں کے حُسن کی تعریف نہایت بے شرمی کے ساتھ کرتے ہیں۔ انہیں اپنے کام سے بھی زیادہ دل چسپی نہیں، چھٹیاں بہت کرتے ہیں۔ تنخواہ کٹنے کی وجہ سے گھر کا خرچ بھی مشکل سے چلتا ہے۔ میں اگر روپے پیسے کی تنگی کی شکایت کرتی ہوں تو کہتے ہیں کہ اپنے والدین سے کہو کہ وہ مجھے کاروبار کے لیے پیسہ دے دیں۔
(نام شائع نہ کیا جائے)
جواب: رات سونے سے پہلے اکتالیس مرتبہ سورۂ اخلاص گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے شوہر کا تصور کرکے دم کردیں اور دعا کریں کہ اُنہیں آپ کے حقوق کی اچھی طرح ادائیگی اور کام میں دل لگنے کی توفیق عطا ہو۔ یہ عمل کم از کم چالیس روز تک جاری رکھیں۔ چلتے پھرتے وضو بے وضو دل ہی دل میں اللہ تعالیٰ کے اسم ''یاسلام'' کا ورد کرتی رہا کریں۔

تعلیم کی اجازت نہیں
سوال: مجھے علم حاصل کرنے کا جنون کی حد تک شوق ہے، لیکن میرے والد صاحب کو میرا گھر سے باہر نکلنا بالکل پسند نہیں۔ حتیٰ کہ سہیلیوں سے فون پر بات کرنے اور نانی کے گھر جانے پر بھی پابندی ہے۔ میں اپنے ہی گھر میں قید ہوکر رہ گئی ہوں۔ خود کو مصروف رکھنے کے لیے میں نے گھر پر بچوں کو ٹیوشن پڑھانے کی اجازت مانگی لیکن اس کی اجازت بھی نہیں دی گئی۔ اب تو اکثر خودکشی کرنے کا خیال بھی آنے لگا ہے۔
(ع ۔ الف ۔ کراچی)
جواب: صبح فجر کی نماز ادا کرنے کے بعد101 مرتبہ یامقتدر، گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے لیے دعا کریں۔ یہ عمل کم از کم روز تک کرتی رہیں۔

تین سال سے بے روزگار ہوں
سوال: میں نے گریجویشن 2013ء میں مکمل کیا تھا، اُس وقت سے ملازمت کے لیے کوشش کررہا ہوں۔ کہاںکہاں میں نے درخواست نہ دی ہوگی، بہت سے اداروں سے انٹرویو کے لیے بھی بلایا گیا، لیکن کہیں سے کوئی حتمی جواب موصول نہیں ہوا۔ اپنے اخراجات پورے کرنے کے لیے میں گھر پر بچوں کو ٹیوشن پڑھارہا ہوں۔ میرے والد صاحب بھی ایک سال بعد ریٹائر ہونے والے ہیں۔
(افضل۔ کراچی)
جواب:آپ کو گذشتہ تین سال میں ملازمت نہیں ملی لیکن بے روزگار آپ بہرحال نہیں رہے۔ بچوں کو ٹیوشن پڑھانا کوئی چھوٹا کام نہیں، کئی لوگ ٹیوشن پڑھاکر نہ صرف اپنے لیے بہت اچھا روزگار حاصل کررہے ہیں بلکہ انہوں نے اپنے ٹیوشن سینٹر پر کئی کئی اساتذہ کو ملازمت بھی فراہم کی ہوئی ہے۔ آپ ٹیوشن پڑھانے پر ہی سنجیدگی سے توجہ دیں اور باقاعدہ کوئی ٹیوشن سینٹر قائم کرنے کے بارے میں سوچیں۔
صبح بہت سویرے بستر چھوڑ دیا کریں۔ فجر کی اذان کے بعد آپ کو کسی بھی حالت میں بستر میں نہیں ہونا چاہیے۔ فجر کی نماز باجماعت ادا کرنے کے بعد 101مرتبہ یااﷲ یارحمن یارحیم کا ورد کریں اور اﷲ تعالیٰ سے دعا کریں۔

میری رنگت کا سب مذاق اُڑاتے ہیں
سوال: ہم چار بھائی ہیں۔ میرے تینوں بھائیوں کا رنگ صاف ہے لیکن میرا رنگ بہت گہرا ہے۔ گلی محلے کے لڑکے اور کلاس فیلوز مجھے کالو کہہ کر پکارتے ہیں۔ میں دل ہی دل میں کڑھتا رہتا ہوں۔ کیا میرا رنگ گورا نہیں ہوسکتا۔۔۔۔؟
(نام شائع نہ کیا جائے)
جواب: عزیز نوجوان! ایک بات بتاؤ، اگر تمہارا رنگ گورا ہوتا لیکن تم پڑھائی میں کم زور ہوتے تو کیا گھر اور اسکول میں تمہیں عزت ملتی؟ کسی مرد کا رنگ کم ہو، قد چھوٹا ہو لیکن وہ پڑھائی میں بہت اچھا رہا ہو اور وہ اپنی پروفیشنل زندگی میں بہت کام یاب ہو تو لوگ اُس کے رنگ یا قد کو دیکھیں گے یا اُس کے مقام کی وجہ سے اُس سے تعلقات بنانا چاہیں گے؟ تم بھی رنگ کی کمی پر کڑھتے رہنے کے بجائے اپنی پوری توجہ تعلیم میں اچھے نمبروں سے کام یابی حاصل کرنے پر دو۔ جب تم زندگی میں کوئی مقام بنالو گے تو تمہارا مذاق اُڑانے والے بھی تم سے مرعوب ہوکر کہا کریں گے کہ یہ کام یاب آدمی تو ہمارا دوست ہے۔ قوتِ ارادی اور مستقل مزاجی میں اضافے کے لیے ہر نماز کے بعد 101 مرتبہ یااﷲ کا ورد کرلیا کرو۔ رنگ صاف کرنے کے لیے ایک نسخہ لکھ رہا ہوں چاہو تو استعمال کرلینا۔ چار چمچے ملتانی مٹی، دو چمچے شہد، دو چمچے دہی، ایک چمچ لیموں کا رس، ان سب اجزاء کو اچھی طرح مکس کرلیں۔ رات کو چہرہ پانی سے اچھی طرح دھونے کے بعد اس آمیزے کو چہرے پر اچھی طرح ہلکے ہاتھ سے ملیں۔ آدھے گھنٹے بعد چہرہ نیم گرم پانی سے دوبارہ دھولیں۔ کھانوں میں سبزیاں اور پھل زیادہ استعمال کریں۔ روزانہ آٹھ سے دس گلاس پانی پییں۔ انشاء اللہ چند ہفتوں میں رنگت نکھر آئے گی۔

گھر میں ڈراؤنی شکلیں۔۔۔۔
سوال: کچھ عرصے سے ہمارے گھر سے قیمتی اشیاء اور روپے پیسے رکھے رکھے غائب ہورہے ہیں۔ گھر میں کبھی رات کے وقت اندھیرے میں ہماری ایک بہن کو ڈراؤنی شکلیں بھی دکھائی دیتی ہیں۔ ان واقعات سے سب گھر والے خوفزدہ ہیں۔
(نعمان۔ کراچی)
جواب: گھر کے سب افراد صبح نہار منہ اور شام کے وقت تین تین مرتبہ سورہ ٔ فلق پڑھ کر ایک ایک چمچہ شہد پر دم کرکے پییں۔ ایک پاؤ لوبان لے کر موٹا موٹا کوٹ لیں۔ ایک ہی نشست میں 41 مرتبہ سورۂ فلق پڑھ کراس لوبان پر دم کردیں۔ دم کیے ہوئے اس لوبان سے عصر مغرب کے درمیان پورے گھر میں گیارہ دن تک بلاناغہ دھونی دیں۔ ہر جمعرات حسبِ استطاعت خیرات کردیں۔ اگر کوئی طبی امر مانع نہ ہو تو اہلِ خانہ نمک کا استعمال کم سے کم کریں اور میٹھے کا استعمال زیادہ کریں۔


پرندوں کا خوف
(س۔ ن۔ چکوال)
سوال: میری عمر 18سال ہے اور میں پرندوں سے بہت ڈرتی ہوں۔ ہمارے جن رشتے داروں نے اپنے ہاں پرندے پال رکھے ہیں میں ڈر کے مارے اُن کے گھر نہیں جاتی۔
جواب: صبح شام اکیس اکیس مرتبہ ایاک نعبد وایاک نستعین O تین تین مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر ایک ایک ٹیبل اسپون شہد پر دم کرکے پی لیں۔ سرخ شعاعوں میں تیار کردہ پانی صبح نہار منہ اور عصر کے بعد ایک ایک پیالی پییں۔ چلتے پھرتے وضو بے وضو کثرت سے اللہ تعالیٰ کے اسم ''یاقوی'' کا ورد کرتی رہیں۔

آواز خراب ہوگئی ہے
سوال: چند ماہ سے میری آواز بہت خراب ہوگئی ہے۔ خاصا زور لگا بولنا پڑتا ہے پھر بھی دوسروں کو میرے الفاظ صاف سنائی نہیں دیتے۔
(کرن: گوجرانوالہ)
جواب: شہتوت کے پتے پانی میں اچھی طرح پکا کر چھان لیں اب اس جوشاندے میں آدھی چمچی نمک بھی حل کردیں۔ اس جوشاندے سے صبح نہار منہ اور رات سونے سے قبل اچھی طرح غرارے کریں۔

نسوانی حسن میں کمی
سوال: میری کزن کی عنقریب شادی ہونے والی ہے۔ اُس میں نسوانی حسن کی شدید کمی ہے، جس کی وجہ سے وہ بہت پریشان ہے۔
(ش۔ج:لاہور)
جواب: نسوانی حسن میں اضافے کے لیے مندرجہ ذیل نسخہ بھی مفید ہے:
مغز بادام شیریں، کتیرا، نشاستہ، شکر ہم وزن لے کر گرائنڈ کرلیں۔ یہ سفوف ایک ٹیبل اسپون صبح نہار منہ اور ایک ٹیبل اسپون شام کے وقت ایک ایک پیالی دودھ کے ساتھ لینا چاہیے۔

شادی شدہ لگتی ہوں
سوال: ابھی میری عمر22 سال ہے اور میں ایم اے کی اسٹوڈنٹ ہوں۔ جب میں میٹرک میں تھی، اُس وقت سے میرا وزن بڑھنا شروع ہوا۔ وزن کی زیادتی کی وجہ سے میرا جسم بے حد بھاری ہوگیا ہے۔ میری سہیلیاں کہتی ہیں کہ تم تو شادی شدہ عورت لگتی ہو۔ وزن کی زیادتی کی وجہ سے میرے کئی رشتے بھی واپس چلے گئے۔
(ف۔ع: جھنگ)
جواب: ایک پاؤ املتاس کی پھلی خریدلیں۔ یہ آپ کو جڑی بوٹیوں کی دکان سے بہ آسانی مل جائے گی۔ پھلی کے اندر سے بیج نکال کر پھینک دیں۔ بقیہ پھلی کو کُوٹ کر کسی شیشے کی بوتل میں رکھ لیں۔ روزانہ شام کے وقت ایک پیالی سونف کے عرق میں تھوڑی سی کٹی ہوئی املتاس ڈال دیں۔ رات بھر یونہی رکھے رہنے دیں۔ صبح ہلکا سا جوش دے کر چھان لیں اور یہ نیم گرم عرق صبح نہار منہ پی لیں۔ اس کے ایک گھنٹے بعد تک کچھ کھایا پیا نہ جائے۔ ایک احتیاط یہ کریں کہ کھانا کھانے کے دوران اور کھانے کے فوراً بعد پانی نہ پییں۔ کھانے کے آدھے گھنٹے بعد پانی پی سکتی ہیں۔ کوئی پھل بھی کھانے کے بعد نہ کھائیں۔ پھل کھانے سے پہلے کھائیے اور مغرب کے بعد صبح ہونے تک کوئی پھل نہ کھائیں۔ شکر، گھی اور دودھ سے بنی ہوئی اشیاء سے چند ماہ تک مکمل پرہیز کریں۔ روزانہ کم از کم آدھا گھنٹے پیدل چلیں۔ ان شاء اللہ چند ماہ میں آپ کا بڑھا ہوا وزن کم ہوجائے گا۔

یتیم لڑکی
سوال: میں ایک یتیم لڑکی ہوں۔ میری شادی کے بارے میں میرے شادی شدہ بہن بھائی بالکل نہیں سوچتے۔ شاید وہ یہ سوچتے ہوں کہ اُن کے بہت سارے پیسے میری شادی میں صرف ہوجائیں گے۔
(ن۔ ع: گجرات)
جواب: روزانہ فجر کی نماز ادا کرنے کے بعد اول و آخر درودشریف کے ساتھ یا وھاب کا ورد کریں اور اﷲ تعالیٰ کے حضور نہایت عاجزانہ طریقے سے اپنی گذارشات پیش کریں کہ اﷲ تعالیٰ آپ کے بھائی بہنوں کے دلوں میں آپ کی شادی کی فکر ڈال دیں اور آپ کا کسی اچھی جگہ رشتہ طے ہوجائے۔ ناغے کے دن شمار کرکے بعد میں پورے کرلیں۔ ہر جمعرات کو حسب استطاعت خیرات کردیں۔

گھر کی ہر چیز بیچ دو
سوال: میرے شوہر آج کل عجیب نفسیاتی کیفیت میں مبتلا ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ گھر کی ہر چیز بیچ دو اور گھر سامان سے خالی کردو۔ حالاںکہ وہ بہت اچھا کماتے ہیں۔ پھر بھی اُنہیں نہ جانے کیا ہوگیا ہے۔ میں نے ابھی کچھ عرصہ قبل بیٹی کی منگنی کی ہے۔ اس کی شادی کی بات نکلتی ہے تو کہتے ہیں اسے جہیز میں کچھ نہیں دوں گا، چاہے وہ لوگ شادی کریں یا نہ کریں۔
(مسز ارشاد۔ کراچی)
جواب: رات کو نمازعشاء ادا کرنے کے بعد 303 مرتبہ سورۂ والضحیٰ آیت نمبر10 گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے شوہر کے لیے دعا کریں کہ وہ گھریلو معاملات میں سنجیدگی اختیار کریں۔ اس عمل کو نوے روز تک جاری رکھیں۔ ناغے کے دن شمار کرکے بعد میں پورے کرلیں۔

میری منگنی کردو۔۔۔۔۔
سوال: میرا بیٹا ایم بی بی ایس کے آخری سال کا طالب علم ہے۔ پچھلے کچھ دنوں سے اُس نے یہ مطالبہ شروع کردیا ہے کہ اس کی کلاس فیلو کے ساتھ اس کی منگنی کردی جائے۔ میرے شوہر چاہتے ہیں کہ بیٹا پہلے اپنی تعلیم مکمل کرکے کیریر پر توجہ دے تو اس کے بعد شادی بیاہ کے معاملات دیکھے جائیں گے۔ ہوسکتا ہے کہ ہم وہاں رشتہ نہ کرنا چاہیں۔
(مسز خالد: لاہور)
جواب: جب آپ نے زندگی کے دیگر معاملات میں اپنے بیٹے کی پسند ناپسند کا خیال رکھا ہے تو اس اہم معاملے میں بھی اُس کی پسند پر توجہ کیوں نہ دی جائے۔ بہتر ہوگا کہ ابھی آپ لڑکی کے گھروالوں سے ملیں پھر اُن کے بارے میں کوئی رائے قائم کریں، پہلے ہی سے شکوک و شبہات پیدا کرنے سے کہیں آپ کا بیٹا آپ سے دور نہ ہوجائے۔

خط بھیجنے کے لیے پتا ہے۔
''روشن راستہ''ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی
پی او بکس 2213 ،کراچی۔74600
ای میل: dr.waqarazeemi@gmail.com
فون نمبر: 021-36685469
Load Next Story