مسٹر ٹین پرسنٹ سے 100 پرسنٹ بننے والے زرداری سندھ کے لینڈ مافیا ہیں عابد شیر علی

عزیر بلوچ کے بیان پر آصف زرداری کا ملٹری کورٹ میں ٹرائل ہونا چاہیے، وزیر مملکت


ویب ڈیسک April 22, 2017
عزیر بلوچ کے بیان پر آصف زرداری کا ملٹری کورٹ میں ٹرائل ہونا چاہیے، وزیر مملکت، فوٹو؛ اسکرین گریب ایکسپریس نیوز

وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے ایک بار پیپلز پارٹی شریک چیرمین آصف زرداری کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ مسٹر ٹین پرسنٹ سے ہنڈرڈ پرسنٹ بننے والے آصف زرداری سندھ کے سب سے بڑے دہشت گرد اور لینڈ مافیا ہیں۔

فیصل آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ پاناما کیس کے فیصلے پر ہم نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام کیا، ان ججز کا بھی جنہوں نے وزیراعظم کے خلاف نوٹ لکھا اور ان ججز کا بھی جنہوں نے جے آئی ٹی بنانے کی بات کی، کوئی سپریم کورٹ کا فیصلہ مانے یا نہ مانے لیکن جو فیصلہ جے آئی ٹی کرے گی ہم اسے من و عن تسلیم کریں گے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: شرجیل میمن کو نیب کی چھترول ہوگی تو سب کچھ اُگل دیں گے

سابق صدر آصف علی زرداری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا کہ آصف زرداری ملک کے سب سے بڑے دہشت گرد اور سندھ میں لینڈ مافیا کے سربراہ ہیں، سندھ میں جتنی بھی جے آئی ٹیز بنیں چاہے وہ عزیر بلوچ اورر ڈاکٹر عاصم کے کیس میں بنیں یا لینڈ گریبرز کے معاملے میں بنیں اس کا کھرا اور سرغنہ ہر صفحہ اول پر زرداری کا نام ہے، عزیر بلوچ کے الزامات کا سرا بھی آصف زرداری اور ان کی بہن فریال کے گھر تک جاتا ہے، عزیر بلوچ نے آصف زرداری کے کہنے پر لوگوں کا قتل کیا، عزیر بلوچ کے بیان پر آصف زرداری کا ٹرائل ملٹری کورٹ میں ہونا چاہیے۔

عابد شیر علی نے کہا کہ سینما میں ٹکٹیں بیچنے والے آصف زرداری کا حساب کتاب لیا جائے تو ایک ہزار قتلوں کا کھرا ان کے گھر جائے گا، آصف زرداری کے لے پالک اویس مظفر ٹپی سندھ کی دھرتی کا مشہور ترین غنڈا ان کا فرنٹ مین ہے جو ان کے کہنے پر قتل کرکے پیسے لیتا تھا، یہ لانڈھی جیل کی بات کرتے ہیں نوازشریف کبھی ملک سے فرار نہیں ہوئے لیکن یہ بات کرکے تین سال کے لیے فرار ہوئے اور اپنی کیبنٹ میٹنگ دبئی میں بلاتے رہے، کیا اختیار تھا کہ چوروں کی کیبنٹ کو بلائیں، ان کی کابینہ میں کوئی ایک شریف آدمی اس کیبنٹ میں موجود نہیں جس کا نام جے آئی ٹی میں نہ ہو۔ انہوں نے کہا آصف زرداری نے بھٹو کا بہت نام بیچ لیا، بھٹو صاحب بھی سوچتے ہوں گے کہ ٹکٹیں بلیک کرنے والا میرا نام کیوں لیتا ہے، یہ بھٹوکو بیچ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اربوں روپے کا ڈاکو شرجیل میمن آصف زرداری کا فرنٹ مین ہے، ایان علی جب پکڑی جاتی ہے تو پیپلزپارٹی کو بڑے مروڑ ہوتے ہیں، ڈاکٹر عاصم کرپشن میں پکڑے جاتے ہیں تب بھی یہ روتے ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: بلاول کرپشن پر بات کرنے سے پہلے اپنے والد کی طرف ضرور دیکھیں

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ کہا کہ جب ایان علی پکڑی جاتی ہے تو پیپلز پارٹی کے پیٹ میں مروڑ اٹھتی ہے، پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہے لیکن پیپلز پارٹی ملک میں نفرت پھیلانا چاہتی ہے، آصف زرداری نے ملک کے خلاف سازش کرنے والوں کو ایوان صدر میں پناہ دی اور آصف زرداری کے ہاتھ سے لے کر پاؤں کے ناخن تک خون میں کرپشن، لوٹ مار اور دہشت گردی رچی بسی ہے۔

عابد شیر علی نے عمران خان کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جو کل تک زرداری کو ڈاکو کہتے تھے آج ان کی گود میں جا کر بیٹھ گئے ہیں جب کہ شیخ رشید کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ سے سیاسی تابوت نکالنے والے کا اپنا جنازہ نکل چکا ہے، سپریم کورٹ سے تو شیخ رشید کا سیاسی تابوت نکل چکا ہے اب لال حویلی سے ان کا جنازہ نکلے گا اور انہیں کاندھا دینے کے لیے 4 لوگ بھی نہیں ملیں گے۔

سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کی جانب سے وزیراعظم سے مستعفی ہونے کے مطالبے پر عابد شیر علی نے کہا کہ جب ان کے بیٹے ارسلان افتخار پر کرپشن کے الزامات لگے تو اس وقت ان کی اخلاقیات کہاں سو رہی تھیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |