گلوکارہ مہناز کا انتقال

اردو فلموں کی گائیکی میں ملکہ ترنم نور جہاں کے بعد اگر کسی گلوکارہ نے نام کمایا تو وہ بلاشبہ مہناز ہی تھیں۔


Editorial January 19, 2013
مہناز خاصے عرصے سے پھیپھڑوں کے عارضے میں مبتلا تھیں. فوٹو: فائل

پاکستان کی معروف گلوکارہ مہناز بیگم ہفتے کو کراچی سے امریکا کے سفر کے دوران بحرین میں انتقال کر گئیں۔ میڈیا کی اطلاعات کے مطابق مہناز بیگم علاج کی غرض سے امریکا میں رہائش پذیر اپنے بھائی کے پاس جا رہی تھیں۔ ان کی ٹرانزٹ فلائٹ تھی۔ بحرین ایئرپورٹ پر ان کی طبیعت خراب ہوئی، انھیں اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کا انتقال ہو گیا۔ وہ خاصے عرصے سے پھیپھڑوں کے عارضے میں مبتلا تھیں۔ مہناز بیگم برصغیر کی معروف گلوکارہ کجن بیگم اور مشہور سرکاری افسر عبداللہ عبداللہ نسیم کی صاحبزادی تھیں۔

وہ 1958ء میں پیدا ہوئیں۔ 1970ء کے ابتداء میں انھوں نے پی ٹی وی کے میوزیکل پروگرام سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ انھوں نے فلم ''دوپٹہ'' میں میڈم نور جہاں کا گایا ہوا مشہور گیت ''چاندنی راتیں'' گایا۔ اس کے بعد ان کے فن گائیکی کے سفر کا آغاز ہوا۔ ان کا ایک فلمی گیت ''میں جس دن بھلا دوں تیرا پیار دل سے' وہ دن آخری ہو میری زندگی کا'' بہت مشہور ہوا۔ یوں وہ معروف فلمی گلوکاراؤں کی صف میں شامل ہو گئیں۔ وہ فن گائیکی میں وہ بلند مقام کی حامل تھیں۔ اردو فلموں کی گائیکی میں ملکہ ترنم نور جہاں کے بعد اگر کسی گلوکارہ نے نام کمایا تو وہ بلاشبہ مہناز ہی تھیں۔ وہ غزل' ٹھمری' دادرہ' خیال اور درپد میں بے مثال مہارت رکھتی تھیں۔انھوں نے سلام' نوحے اور مرثیے بھی پڑھے۔ وہ بیماری کے باعث گلوکاری سے کنارہ کش ہو گئی تھیں۔ ان کی وفات سے ملک ایک بڑی گلوکارہ سے محروم ہو گیا۔ اللہ تعالیٰ انھیں اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔ آمین

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں