آئی سی سی کو جھکانے کیلیے بھارتی ہوم ورک مکمل

دباؤ ڈالنے کیلیے چیمپئنزٹرافی کے بائیکاٹ کا آپشن کھلا، ٹیم کے اعلان میں تاخیر متوقع.


Sports Desk April 23, 2017
اجلاس میں سپریم کورٹ کی مقرر کردہ کمیٹی آف ایڈمنسٹریٹرز کو مدعو نہیں کیا گیا تھا۔ فوٹو: فائل

بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو جھکانے کیلیے اپنا ہوم ورک مکمل کرلیا، دباؤ ڈالنے کیلیے چیمپئنز ٹرافی کے بائیکاٹ کا آپشن کھلا رکھا جائے گا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی بورڈ میٹنگ 27 اور 28 اپریل کو دبئی میں ہورہی ہے جس میں ریونیو اور اصلاحات کے حوالے سے اہم فیصلے کیے جانے ہیں، اس حوالے سے بی سی سی آئی نے اپنا ہوم ورک مکمل کرلیا ہے، گزشتہ روز بورڈ کے سیکریٹری امیتابھ چوہدری کی زیرسربراہی ایک میٹنگ ہوئی جس میں موقف کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں سپریم کورٹ کی مقرر کردہ کمیٹی آف ایڈمنسٹریٹرز کو مدعو نہیں کیا گیا تھا،اہم کمیٹی کی جانب سے یہ پیغام بہرحال ضرور بھجوایا گیا کہ آئی سی سی میٹنگ میں معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کرنے کی کوشش اورکسی بھی جارحانہ اقدام سے گریز کیا جائے، البتہ محسوس ایسا ہوتا ہے کہ بورڈ حکام کمیٹی کے مشورے پر کان دھرنے کا ارادہ نہیں رکھتے، وہ اپنے مفادات کے تحفظ کیلیے تمام آپشنز کو کھلا رکھنا چاہتے ہیں۔

بی سی سی آئی کی جانب سے کونسل سے مطالبہ کیا جائے گا کہ وہ ریونیو کی تقسیم و اصلاحات کے معاملے کو جون میں شیڈول اپنی سالانہ کانفرنس تک موخر کردے اور فی الحال بگ تھری فارمولے کو ہی برقرار رکھے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی کے لیے ٹیموں کے اعلان کی حتمی تاریخ 25 اپریل ہے جبکہ میٹنگ 2 روز بعد منعقد ہونا ہے، اس لیے امکان موجود ہے کہ اسکواڈ کا اعلان کسی بہانے سے تاخیر کا شکار کردیا جائے،ایونٹ میں شرکت کے حوالے سے بورڈ حتمی فیصلہ آئی سی سی میٹنگ کے بعد ہی کرے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں