لاہور چیمبر نے وی بوک کی توسیع موخر کرنے کی اپیل کردی

ویب بیسڈ ون کسٹم سسٹم فروری کے بجائے جولائی میں متعارف کرایا جائے، آفتاب وہرہ

یکم فروری سے لاہور میں وی بوک کی تنصیب کیلیے تیار ہیں، کلکٹر کسٹمز، ورکشاب سے خطاب فوٹو : ایکسپریس

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے یکم فروری سے لاہور میں ویب بیسڈ ون کسٹم سسٹم (وی بوک) متعارف کرانے کیلیے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔

یہ بات کلکٹر کسٹمز زیبا حئی نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایک ورکشاپ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے بتائی، ورکشاپ کا اہتمام لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور کلکٹریٹ آف کسٹمز نے مشترکہ طور پر کیا تھا، لاہور چیمبر کے نائب صدر آفتاب احمد وہرہ، کلکٹر کسٹمز فضل یزدانی خان، ایڈیشنل کلکٹر ڈاکٹر محمد عدنان اکرم، چیف مینیجر پرال انعام الوحید اور یاسین مرتضیٰ نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔

زیبا حئی نے کہا کہ ویب بیسڈ ون کسٹم سسٹم گزشتہ ایک سال سے کراچی میں انتہائی کامیابی کے ساتھ کام کررہا ہے لہٰذا اسے لاہور میں بھی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کلکٹریٹ آف کسٹمز اس سلسلے میں لاہور چیمبر کے ممبران کو تربیت فراہم کرنے کو تیار ہے، ایک فوکل پرسن لاہور چیمبر میں تعینات کرنے پر غور کیا جا رہا ہے جو اس نئے سسٹم کے بارے میں ممبران کو آگہی فراہم کرے گا۔




انہوں نے کہا کہ یہ سسٹم نہ صرف اشیا کی کلیئرنس میں وقت کی بچت میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ ایس آر اوز اور انٹرنیشنل پرائس مکینزم کے بارے میں بھی معلومات مہیا کریگا، اچھی ساکھ کی حامل کمپنیوںکو گرین چینل کی سہولت مہیا کی جائیگی۔ لاہور چیمبر کے سابق نائب صدر آفتاب احمد وہرہ نے بہترین سسٹم متعارف کرانے پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری کے مفادات کے پیش نظر یہ سسٹم اس سال فروری کے بجائے ماہ جولائی میں متعارف کرایا جائے۔

دریں اثنا لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فاروق افتخار نے کہا کہ ایف بی آر کی جانب سے لاہور چیمبرکے ممبران کو معلومات فراہم کرنا اور سیمینارز کا انعقاد مستحسن اقدامات ہیں جو تاجر برادری اور محکمے کے درمیان تعلقات کو مستحکم کریں گے جبکہ حکومت کے محاصل بھی بڑھیں گے۔
Load Next Story