ایک اور پاکستانی فلم سائن کر لی ماڈلنگ گلوکاری اور اداکاری کرنے پر فخر ہے وائم دھامنی

کترینہ کیف سے مشابہت اتفاق ہے،شوبزکی دنیا میں اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کے بل بوتے کام کیا

وائم عمار دھامنی نے شہزاد رفیق کی فلم ’’عشق خدا ‘‘ میں مرکزی کردارنبھایا ہے ۔ فوٹو : فائل

مراکش سے تعلق رکھنے والی معروف گلوکارہ، ماڈل اوراداکارہ وائم عمار دھامنی نے کہا کہ بالی وڈاداکارہ کترینہ کیف سے شکل وصورت کا ملناایک اتفاق ہے۔

لیکن میں نے اب تک شوبزکی دنیا میں جتنا بھی کام کیا، وہ سب اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کے بل بوتے پرکیا ہے۔ بالی وڈاورپاکستانی فلموں میں اداکاری ، بین الاقوامی برانڈز کے لیے ماڈلنگ اور گلوکاری کرنا اعزاز کی بات ہے۔ پاکستان میں پہلی مرتبہ ہدایتکارشہزاد رفیق نے فلم ''عشق خدا '' میں مرکزی کردار میں سائن کیا۔ اس کے علاوہ ایک پاکستانی پاپ بینڈ کے ویڈیو میں بطورماڈلنگ بھی کام کیاجب کہ ایک نئی پاکستانی فلم بھی سائن کرلی ہے جس کی عکسبندی میں حصہ لونگی۔

پاکستانی فلموں میں اداکاری کے لیے خاص طورپراردو سیکھ رہی ہوں۔ بالی وڈ میں متعدد پراجیکٹس کی آفرز ہیں اورحال ہی میں ہونے والے ' زی سنے ایوارڈز' میں مجھے میزبانی کرنے کا موقع ملا۔ یہ تجربہ بھی بہت یادگاررہا۔ ایک طرف بالی وڈ کے لیجنڈز فنکاروں سے ملاقات تودوسری جانب ان کی طرف سے میری شخصیت اورانداز پرملنے والی دلچسپ رائے نے بھی میری حوصلہ افزائی کی۔ مستقبل میں بالی وڈ فلموں میں بھی اداکاری کرتی دکھائی دونگی۔ ان خیالات کااظہاروائم عماردھامنی نے ''ایکسپریس'' کو لاہور قیام کے دوران خصوصی انٹرویودیتے ہوئے کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میری پیدائش مراکش کی ہے لیکن میں نے اپنی تعلیم دبئی میں حاصل کی اوروہیں سے اپنے فنی سفرکاآغاز بھی کیا۔ ایک طرف ماڈلنگ جاری تھی تو دوسری جانب گلوکاری۔ دونوں شعبوں کو ساتھ لے کر چلنا ویسے توخاصا مشکل کام تھا لیکن قسمت کی دیوی مہربان ہوئی تو اداکاری کی آفرز کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔ کیرئیرکے ابتداء سے ہی بہت سے لوگوں سے ملاقات ہوئی جنھوں نے تینوں شعبوں میں کام کرنے کے لیے بہت سپورٹ کی۔ یہی وجہ ہے کہ کبھی گیتوں میںماڈلنگ کرتی دکھائی دیتی ہوں توکبھی کسی فلم میں اداکاری اورگلوکاری کاشوق تواس قدر ہے کہ اس کوکبھی نہیں چھوڑ سکتی۔




حال ہی میں میری نئی البم ریلیزہوئی ہے جومڈل ایسٹ ، انڈیا سمیت دنیا کے بیشترممالک میں بیک وقت ریلیزکی گئی تھی اوراسے بہترین رسپانس مل رہا ہے۔ البم میں عربی زبان کے علاوہ انگریزی ، ہندی اوراردوزبان میں گیت شامل کئے گئے ہیں جس کی وجہ سے مختلف زبانیں بولنے اورسمجھنے والوں کوالبم بہت پسند آرہی ہے۔ میرے البم کے گیت بھی میوزک چینلز سے آن ائیرہیں جب کہ پاکستان میں بھی ایک میوزک کمپنی سے معاملات کوحتمی شکل دے رہی ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں وائم نے بتایاکہ پاکستانی فلم ''عشق خدا '' میں جب مرکزی کردار آفر ہوا تومیں نے فلم کے ہدایتکارشہزاد رفیق نے خاصی لمبی بات چیت کی اور اپنے کرداراورکہانی کوسمجھا۔

جب مجھے کہانی اوراپنا کردارجاندارلگا توپھر نے فوری فلم میںکام کرنے کی ٹھان لی۔ یہاں آکر مجھے ہدایتکارشہزادرفیق کے ساتھ کام کرکے بہت مزہ آیا اورمیں نے ان سے بہت کچھ سیکھا بھی۔ وہ واقعی بہت باصلاحیت ہدایتکار ہیں جب کہ فلم کی کاسٹ میں شامل تمام فنکاروں نے بھی خاصا سپورٹ کیا جس کی وجہ سے فلم کی شوٹنگ کب شروع ہوئی اورکب ختم پتہ ہی نہ چلا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں ایک اورنئی فلم سائن کرلی ہے جب کہ بالی وڈ میں بھی جلد ہی منفردانداز سے دکھائی دونگی۔ میں نے پاکستانی اورہندوستانی فلموں میں کام کرنے کے لیے باقاعدہ اردواورہندی سیکھنا شروع کردی ہے اوراس حوالے ساتھی فنکارخاصی رہنمائی بھی کرتے رہتے ہیں۔

وائم نے مزید بتایا کہ پاکستان اکثرآنا جانا رہتاہے۔ میں نے پہلے پہل توپاکستان کے بڑے شہرلاہور، کراچی اور اسلام آباد دیکھے تھے لیکن فلم کی شوٹنگ کے دوران مختلف مقامات پرجانے کے بعد مجھے اندازہ ہواکہ پاکستان قدرتی مناظرسے مالامال ہے۔ خوبصورت وادیاں، لہلاتے کھیت اوروہاں بسنے والے پہناوے پاکستان کے مخلتف علاقوں کے کلچر کی بہترین عکاسی کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہاں کی مہمان نوازی کی توکیا بات ہے۔ پاکستان سے ملنے والی چاہت کوکبھی نہیں بھلایا جاسکتا۔

ایک سوال کے جواب میں وائم دھامنی کا کہنا تھا کہ پاکستان ہویا انڈیا میں صرف معیاری فلموںمیں کام کرنے کوترجیح دونگی۔ میں جانتی ہوں کہ میری اوربالی وڈاداکارہ کترینہ کیف کی شکل ملتی جلتی ہے لیکن میں ان کی متبادل کے طورپرنہیں بلکہ اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کے بل پرکام حاصل کر رہی ہوں۔ میرا ماننا ہے جوکچھ قسمت میں ہوانسان کو ضرور ملتا ہے بس ہمیں محنت، لگن سے اپنا کام ایمانداری کے ساتھ کرنا چاہیے اور اس کے بہتر نتائج ہی ملتے ہیں۔
Load Next Story